کولکاتا، 17 دسمبر (یو این آئی) مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے بھوانی پور اسمبلی حلقہ میں خصوصی جامع نظرثانی (ایس آئی آر) کے عمل کے دوران 44 ہزار سے زائد ووٹروں کے نام خارج کیے جانے کا انکشاف سامنے آنے کے ایک دن بعد صورتِ حال کا جائزہ لینے کے لیے 22 دسمبر کو بوتھ لیول ایجنٹوں (بی ایل اے ) کی میٹنگ طلب کی ہے ۔بنرجی نے اپنے حلقئہ انتخاب کی مسودہ ووٹر فہرست میں بڑے پیمانے پر بے ضابطگیوں کے سامنے آنے پر سخت ناراضگی ظاہر کی۔ منگل کو نبنّا سے اپنے کالی گھاٹ واقع رہائش گاہ واپس آنے کے فوراً بعد انہوں نے پارٹی بی ایل اے اور بھوانی پور کے کونسلروں کے ساتھ ایک ہنگامی میٹنگ کی اور انہیں فوری طور پر ہٹائے گئے ناموں کی دوبارہ جانچ شروع کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ یووا بھارتی اسٹیڈیم میں حالیہ بدامنی کے باوجود ان کی توجہ الیکشن کمیشن کے ایس آئی آر عمل پر مرکوز ہے ۔الیکشن کمیشن کے اعداد و شمار کے مطابق بھوانی پور میں 2,06,295 رجسٹرڈ ووٹر ہیں، لیکن ڈیجیٹائزڈ ڈرافٹ لسٹ میں صرف 1,61,509 نام درج ہیں۔
