بطور میئر نیویارک ذمہ داریوں پر توجہ دینا بہتر :وزارت خارجہ ہند
نئی دہلی، 9 جنوری (یو این آئی) وزارتِ خارجہ نے نیویارک کے میئر ظہران ممدانی کی جانب سے یہاں تہاڑ جیل میں بند ہندوستانی طالب علم عمر خالد کو لکھے گئے خط پر سخت ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں ایسے معاملات پر بیان بازی کے بجائے بطور میئر اپنی ذمہ داریوں پر توجہ دینی چاہیے ۔وزارتِ خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے جمعہ کو یہاں ہفتہ وار بریفنگ میں اس سلسلے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ “ہم توقع کرتے ہیں کہ عوامی نمائندے دیگر جمہوریتوں میں عدلیہ کی آزادی کا احترام کریں۔ ذاتی تعصب کا اظہار عہدے پر فائز افراد کو زیب نہیں دیتا۔ ایسے تبصروں کے بجائے بہتر ہوگا کہ وہ اپنی ذمہ داریوں پر توجہ مرکوز کریں۔”وزیر اعظم نریندر مودی کے ناقد رہے ممدانی نے سابق جے این یو طالب علم اور کارکن عمر خالد کو ایک ذاتی خط لکھا تھا۔ عمر خالد 2020 سے غیر قانونی سرگرمیاں (انسداد) ایکٹ کے تحت دہلی کی تہاڑ جیل میں بند ہیں۔ممدانی نے لکھا کہ “میں اکثر آپ کی کڑواہٹ کے حوالے سے کہی گئی باتوں کے بارے میں سوچتا ہوں اور اس بات کی اہمیت پر کہ اسے خود پر حاوی نہ ہونے دیا جائے ۔ آپ کے والدین سے مل کر خوشی ہوئی۔ ہم سب آپ کے بارے میں سوچ رہے ہیں۔”ممدانی نیویارک کے پہلے مسلم اور ہند نژاد پہلے میئر ہیں، جو امریکہ کا سب سے بڑا شہر ہے ۔ ان کی والدہ معروف فلم ساز میرا نائر ہیں۔رپورٹس کے مطابق ممدانی نے گزشتہ دسمبر میں نیویارک میں عمر خالد کے والدین سید قاسم رسول الیاس اور صاحبہ خانم سے ملاقات کی تھی۔
