حیدرآباد۔/14 جون، (سیاست نیوز) مرکزی مملکتی وزیر خارجہ وی مرلیدھرن نے آج ریجنل پاسپورٹ آفس حیدرآباد کا دورہ کیا۔ انہوں نے ریجنل پاسپورٹ آفس کے عہدیداروں اور ان کے افراد خاندان کی جانب سے لکھے گئے مضامین، پینٹنگس پر مشتمل راج بھاشا پتریکا، بتکماں کے تیسرے ایڈیشن کی رسم اجراء انجام دی۔ انہوں نے پاسپورٹ درخواستوں کی وصولی کیلئے ریجنل پاسپورٹ آفس سکندرآباد میں نئے کاونٹرس کا افتتاح کیا۔ ریجنل پاسپورٹ آفیسر ڈی بالیا کے مطابق مرکزی وزیر نے عہدیداروں اور ملازمین سے بات چیت کی اور سال 2022 میں 6.21 لاکھ پاسپورٹس کی اجرائی پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے 11 جون 2023 تک 3.5 لاکھ پاسپورٹس کی اجرائی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ سال کے اختتام تک ریجنل پاسپورٹ آفس 7 لاکھ پاسپورٹس کی اجرائی کے نشانہ کو عبور کرلے گا۔ مرکزی وزیر نے پاسپورٹ آفس میں آویزاں کئے گئے G-20 سے متعلق آرٹ کے نمونوں کا معائنہ کیا۔ یہ اشیاء ملازمین نے ناکارہ میٹریل سے تیار کی ہیں۔ مرکزی وزیر نے ریجنل پاسپورٹ آفس کے ملازمین کی کارکردگی کو سراہا۔ر