پیر کو سیاست آڈیٹوریم میں انٹرویوز کا اسکریننگ راونڈ
انجینئرس ، ویلڈر اور بیکر کیلئے سنہری موقع ، استفادہ کرنے جناب عامر علی خاں ایم ایل سی کی اپیل
حیدرآباد ۔ 2 ۔ اگست : ( سیاست نیوز) : قوموں کی ترقی کا راز اس کی تعلیمی اور معاشی ترقی میں پوشیدہ ہے ۔ اگر کوئی قوم تعلیمی میدان اور اقتصادی شعبہ میں خود مکتفی ہے تو سمجھئے کہ اس کی ترقی و خوشحالی یقینی ہے ۔ جناب عامر علی خاں ایم ایل سی نے ملت کی تعلیمی و معاشی ترقی کو اپنی زندگی کا نصب العین بنالیا ہے اور اعلان کیا ہے کہ وہ ایک لاکھ مسلم خاندانوں کو لکھ پتی بناکر رہیں گے ۔ واضح رہے کہ عامر علی خاں صاحب ایم ایل سی نے خاص طور پر تعلیم یافتہ اور ہنر مند فرزندان و دختران ملت کی حوصلہ افزائی کرنے اور انہیں مختلف شعبوں میں آگے بڑھانے کے لیے سیاست ۔ ہب فاونڈیشن جیسی مثالی پہل شروع کی ۔ جس کے تحت نہ صرف نوجوان لڑکے لڑکیوں اور پیشہ وارانہ مہارت کے حامل افراد کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جارہا ہے ۔ پیشہ تجارت سے وابستہ ہونے کے معاملہ میں ان کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے بلکہ مشرق وسطیٰ اور یوروپی ملکوں میں انہیں ملازمتوں کے حصول میں رہنمائی بھی کی جارہی ہے ۔ اس ضمن میں رکن قانون ساز کونسل عامر علی خاں کی قیادت میں سیاست ۔ ہب فاونڈیشن نے ٹام کام سے معاہدہ بھی کیا ہے ۔ اس کی ایک کڑی کے طور پر تلنگانہ اوورسیز میان پاور کمپنی لمٹیڈ ( ٹام کام ) کے ساتھ مل کر سیاست ہب فاونڈیشن نے نوجوانوں کو جاپان ، قطر ، فیجی اور متحدہ عرب امارات میں ملازمتوں سے متعلق رہنمائی کرنے کا فیصلہ کیا چنانچہ پیر 4 اگست کو روزنامہ سیاست کے آڈیٹوریم میں مذکورہ ممالک میں ملازمتوں کے لیے انٹرویوز کا اسکریننگ راونڈ صبح 10 بجے تا دوپہر 2 بجے منعقد ہوگا ۔ ڈائرکٹر سیاست ۔ ہب فاونڈیشن زاہد فاروقی کے مطابق جاپان میں آٹوموٹیو انجینئر ، میکانیکل انجینئر ، سی ایس ؍ آئی ٹی انجینئر کی جائیدادوں کے لیے بالترتیب آٹوموٹیو میں انجینئرنگ ، میکانیکل انجینئر اور آئی ٹی ؍ کمپیوٹر سائنس انجینئرس کی ضرورت ہے ۔ اس کے لیے اگرچہ دو سال تجربہ کی بات کہی گئی ہے لیکن فریشرس بھی درخواست دے سکتے ہیں۔ اسی طرح قطر میں شپ چینڈلر ، سینئیر میرین ٹیکنیشن ، سیلز ، میرین انجینئر ، سیلز انجینئر جنریٹر سیلس کی جائیدادوں کے لیے بھی میکانیکل انجینئرنگ ، میرین انجینئرنگ یا متعلقہ شعبہ میں بیچلر ڈگری درکار ہے ۔ سینئیر میرین ٹیکنیشن کے لیے ڈپلوما یا بیچلر ڈگری وہ بھی الیکٹریکل ، الیکٹرانکس ، میکانیکل یا میرین انجینئرنگ میں چاہیے ۔ آخر الذکر دو جائیدادوں کے لیے میکانیکل انجینئرنگ ، میرین انجینئرنگ یا متعلقہ شعبہ میں بیچلر ڈگری درکار ہے ۔ جاپان میں جو جائیدادیں ہیں اس کے لیے ماہانہ تنخواہ 193000 روپئے دی جائے گی ۔ قطر میں جو جائیدادیں ہیں ان کے لیے ماہانہ 123000 روپئے تنخواہ دی جائے گی ۔ فیجی آئی لینڈس میں ایف ایم سی جی اسٹور منیجر ( بیچلر ڈگری ؍ ڈپلوما وہ بھی کسی بھی کامرس شعبہ میں ) فٹر ( امیدوار کے پاس ٹریڈ سرٹیفیکٹ ان فٹنگ ؍ مشینگ ہونا چاہئے ) ، الیکٹریشن کے لیے تعلیمی قابلیت الیکٹریکل ؍ الیکٹرانک انجینئرنگ مقرر کی گئی ہے ۔ آٹو فورک لفٹ میکانک ( ہیوی اکوپمـنٹ میکانکس میں ٹریڈ سرٹیفیکٹ ) سرویس ٹیکنیشن ( میکانیکل اینڈ الکٹریکل ) کے لیے آٹو موٹیو ( میکانیکل ؍ الیکٹریکل ) انجینئرنگ میں ٹریڈ سرٹیفیکٹ یا ڈپلومہ تعلیمی قابلیت رکھی گئی ہے ۔ Panel Benter کے لیے امیدواروں کی اہلیت آٹوموٹیو باڈی ورک ؍ آٹو موٹیو انجینئرنگ ان پیانل بیٹنگ مقرر کی گئی ہے ۔ Panel Painter ، Watch Techntian دونوں کے لیے ایس ایس سی ، ویلڈر کے لیے ویلڈنگ میں ٹریڈ سرٹیفیکٹ کا حامل ہونا چاہئے ۔ اس کے علاوہ فیجی میں ہی Buyer Assistant ، بیکر اور پیسٹری بیکر کی ضرورت ہے ۔ دوسری جانب جاپان میں ہی میکانیکل انجینئرس ، سیول انجینئرس ، سیمی کنڈکٹر انجنئیرس اور آئی ٹی ؍ سی ایس انجینئرس کی ضرورت ہے ۔ ساتھ ہی متحدہ عرب امارات کے لیے بھی کئی شعبوں میں بھی ملازمتیں مخلوعہ ہیں ۔ جس میں پروڈکشن انجینئرس ، اسٹور کیپر ؍ آفس اسسٹنٹ گلاس ورکر کی جائیدادیں مخلوعہ ہیں ۔ فون نمبر 9010080300 پر سی ویز روانہ کرسکتے ہیں ۔۔