ممنوعہ ادویات کی غیر قانونی فروخت پر آٹو ڈرائیور گرفتار

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد ۔ /28 جولائی (سیاست نیوز) کمشنر ٹاسک فورس ساؤتھ زون ٹیم نے ممنوعہ ادویات آکسیٹوسن کی غیرقانونی منتقلی اور فروخت میں ملوث ایک آٹو ڈرائیور کو گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ مرکزی محکمہ صحت کی جانب سے آکسیٹوسن کے خانگی استعمال اور تیاری پر امتناع ہے کیونکہ اس کا ڈائری فارم میں مویشیوں پر غیرقانونی طور پر استعمال کیا جاتا ہے ۔ ٹاسک فورس نے کرناٹک کے ضلع بیدر سے تعلق رکھنے والے 35 سالہ محمد اسمعیل آٹو ڈرائیور کو اُس وقت گرفتار کرلیا جب وہ 1920 آکسیٹوسن کی بوتلیں غیرمجاز طور پر بیدر سے شہر منتقل کررہا تھا ۔ تفتیش کے دوران یہ بھی بتایا گیا کہ محمد اسمعیل آکسیٹوسن کو شہر کے ڈائری فارم کے مالکین کے حوالے کرنے والا تھا ۔ تفتیش میں یہ بھی بتایا گیا کہ حافظ بابا نگر کے ساکن امتیاز نے اسے آکسیٹوسن شہر لانے کیلئے آرڈر دیا تھا ۔ بتایا جاتا ہے کہ ڈائری فارمس میں مویشیوں سے اضافہ دودھ حاصل کرنے کیلئے آکسیٹوسن کمیکلس کا اکثر غیرمجاز طور پر استعمال کیا جاتا ہے ۔ گرفتار آٹو ڈرائیور کو ٹاسک فورس نے بہادر پورہ پولیس کے حوالے کردیا ۔