ممنوعہ اراضی کے پٹہ جات جاری کرنے پر ہائیکورٹ کی برہمی

   

حیدرآباد 26 اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائیکورٹ نے ناگارم منڈل کی متنازعہ اراضیات کے پٹہ دار پاس بکس خانگی افراد کو جاری کرنے پر ناراضگی کا اظہار کیا۔ جسٹس کے لکشمن نے حکومت کے رویہ پر ناراضگی جتائی۔ متنازعہ اراضی کی ممنوعہ رجسٹر میں شمولیت کے باوجود حکام نے پٹہ دار پاس بکس جاری کردیئے۔ جسٹس کے لکشمن نے بی ملیش کی جانب سے دائر کی گئی درخواست کی سماعت کی اور پٹہ دار پاس بکس کی اجرائی کے سلسلہ میں حکومت سے وضاحت طلب کی ہے۔ رنگاریڈی ضلع کے مہیشورم منڈل کے تحت ناگارم موضع کے سروے نمبرات 194 اور 195 کے تحت تقریباً 700 ایکر اراضی موجود ہے۔ اراضی کو سرکاری قرار دیتے ہوئے ممنوعہ فہرست میں 2018ء میں شامل کیا گیا تھا۔ درخواست گذار نے شکایت کی کہ اپریل 2018ء میں اُس وقت کے تحصیلدار مہیشورم نے بعض خانگی افراد کے نام پر پٹہ دار پاس بکس جاری کردیئے جبکہ یہ نام سرکاری ریونیو ریکارڈ میں شامل نہیں ہیں۔ جسٹس کے لکشمن نے گورنمنٹ پلیڈر مرلی دھر ریڈی کو ہدایت دی کہ وہ ریونیو ڈپارٹمنٹ اور کلکٹر رنگاریڈی سے رپورٹ حاصل کرتے ہوئے عدالت میں تفصیلات پیش کریں۔1