ممنوعہ منشیات کی فروختگی پر بین ریاستی ٹولیاں گرفتار

   

16 لاکھ مالیتی کوکین ضبط، کمشنر حیدرآباد سٹی سی وی آنند کی پریس کانفرنس

حیدرآباد۔7۔ جنوری (سیاست نیوز) دونوں شہروں میں ممنوعہ منشیات کے فروخت کرنے والی تین بین ریاستی ٹولیوں کو ٹاسک فورس پولیس نے گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضہ سے 16 لاکھ مالیتی ڈرگس کو برآمد کر لیا ۔ پولیس کمشنر حیدرآباد سی وی آنند نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹاسک فورس نارتھ زون اور ویسٹ زون ٹیموں نے مقامی پولیس کی مدد سے تین مختلف ٹولیوں کو بے نقاب کیا ہے ۔ پہلی کارروائی میں 27 سالہ عمران بابو شیخ متوطن ممبئی مہاراشٹرا اور اس کے ساتھ نور محمد خاں کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضہ سے 83 گرام کوکین جس کی مالیت 8 لاکھ 30 ہزار بتائی جاتی ہے، ضبط کرلی ۔ انہوں نے کہا کہ اس ٹولی کا سرغنہ نائجیری باشندہ ٹونی جو ملک کی مختلف لاڈجس میں کمرے کرایہ پر حاصل کرتے ہوئے ڈرگس کا کاروبار چلا رہا تھا ۔ اس بات کی اطلاع ملنے پر ٹاسک فورس پولیس نے جی وی کے مال پنجہ گٹہ کے قریب گرفتار کرلیا ۔ اسی قسم کی ایک اور کارروائی میں ٹاسک فورس پولیس نے سید قیصر حسین ، سید رشید احمد خان متوطن گجرات اور نجیب الحسن شیخ متوطن ممبئی کو گرفتار کیا گیا ہے اور ان کے قبضہ سے 15 گرام کوکین اور 45 گرام ایم ڈی ایم اے ڈرگس برآمد کیا ہے۔ پولیس نے اس کارروائی کے دوران نارائن گوڑہ شانتی تھیٹر کے قریب مذکورہ افراد کی گرفتاری عمل میں لائی ۔ اسی طرح ترملگری علاقہ میں بھی ٹاسک فورس نے کارروائی کرتے ہوئے اے آر انیرودھ اور کے اویناش کو گرفتار کیا ہے جو گوا سے منشیات حاصل کرتے ہوئے اسے شہر میں دوگنی قیمت پر فروخت کر رہے تھے ۔ پولیس کمشنر نے کہا کہ گرفتار شدہ افراد کے قبضہ سے جملہ 16 لاکھ مالیتی منشیات ضبط کئے گئے ہیں، انہیں عدالت میں پیش کرتے ہوئے جیل بھیجا جارہا ہے۔