ممنوعہ گٹکھا اور تمباکو اشیاء کا ذخیرہ ضبط

   

دو افراد گرفتار ، حیدرآباد سٹی پولیس کی کارروائی
حیدرآباد 7 جنوری (سیاست نیوز) حیدرآباد سٹی پولیس ممنوعہ گٹکھا اور تمباکو اشیاء کے خلاف ہنوز کارروائی جاری رکھے ہوئے ہے۔ تازہ ترین کارروائی میں نارتھ زون ٹاسک فورس ٹیم نے زردہ کے کاروبار میں ملوث دو افراد کو گرفتار کرلیا اور اُن کے قبضہ سے لاکھوں روپئے مالیتی تمباکو اشیاء برآمد کرلئے۔ پولیس کے بموجب 28 سالہ شیخ پرویز ساکن محمود آباد راجندر نگر جو پیشے سے آٹو ٹرالی ڈرائیور ہے، آسانی سے روپئے کمانے کے لئے اُس نے ممنوعہ گٹکھا، زردہ اور دیگر تمباکو اشیاء فروخت کرنے کا منصوبہ تیار کیا۔ اِس کاروبار میں اُس نے اپنے دوست 30 سالہ محمد یوسف کو بھی شامل کرلیا اور اُس کی مدد سے شہر حیدرآباد میں بابا 120 پریمیم ٹوباکو اور مختلف برانڈس کے زردے کی اشیاء فروخت کررہا تھا۔ ٹاسک فورس پولیس نے شیخ پرویز اور اُس کے ساتھی کو گرفتار کرتے ہوئے اُن کے قبضہ سے 330 زردے کے ڈبے اور اِس کاروبار میں استعمال کی جانے والی آٹو ٹرالی کو بھی ضبط کرلیا۔ گرفتار ملزمین کو شاہ عنایت گنج پولیس کے حوالے کردیا گیا۔