ریاض۔سعودی عرب میں کرونا وائرس کے یومیہ معاملات کی تعداد میں مزید کمی واقع ہوئی ہے اور وزارتِ صحت نے کووِڈ-19 کے 1759 نئے معاملوں کی اطلاع دی ہے جبکہ مکہ مکرمہ میں مناسکِ حج کے مقامات اس مہلک وائرس سے محفوظ ہیں اور وہاں سے کسی معاملے کی اطلاع نہیں ہے۔وزارت صحت نے ایک ٹویٹ میں بتایا ہے کہ اب سعودی عرب میں کورونا وائرس کے تشخیص شدہ جملہ مریضوں کی تعداد 272590 ہوگئی ہے۔ان میں 228569 صحت یاب ہوچکے ہیں۔اس طرح مملکت میں کووڈ-19 کے صحت یاب ہونے والے مریضوں کی شرح 84 فی صد ہے۔گذشتہ 24 گھنٹے میں سعودی عرب میں کووِڈ-19 میں مبتلا 27مریض وفات پائے ہیں اور اب اس مہلک وائرس سے وفات پانے والوں کی تعداد 2816 ہوگئی ہے۔الہفوف شہر میں کووِڈ-19 کے سب سے زیادہ 160 معاملوں کی تشخیص ہوئی ہے۔مکہ مکرمہ میں 122 اور دارالحکومت ریاض میں 108 نئے معاملات کا اندراج کیا گیا ہے۔کورونا کے باقی معاملات مملکت کے دوسرے شہروں اور علاقوں میں ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ قبل ازیں مناسکِ حج کا آغاز ہوگیا ہے اور منتخب عازمین حج مکہ مکرمہ میں مخصوص ہوٹل میں الگ تھلگ قیام کے بعد منیٰ میں پہنچے ہیں۔سعودی پریس ایجنسی کے مطابق حجاج کرام کی صحت کے تحفظ کے لیے سخت احتیاطی تدابیر اختیار کی جارہی ہیں۔حجاج کرام کو پچاس ، پچاس کے گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے اور ان کا ایک طبی قائد مقرر کیا گیا ہے۔تمام مناسک کی ادائی ، منیٰ اور عرفات میں قیام ، اجتماع اور جمرات کو کنکریاں مارنے کے عمل کے دوران میں طے شدہ سماجی فاصلہ برقرار رکھیں گے اور ہر وقت چہروں پر ماسک پہن کر رکھیں گے۔
