سفیر ہند ڈاکٹر اوصاف سعید کا اظہار اطمینان،رباط کے عازمین کے انتظامات کی حسین الشریف نے نگرانی کی
حیدرآباد۔/13 اگسٹ، ( سیاست نیوز)حیدرآباد سے روانہ ہونے والے 5 ریاستوں کے 8,300 سے زائد حجاج کرام مناسک حج کے آخری مرحلہ میں تین شیطانوں کو کنکر مارنے کے بعد مکہ مکرمہ میں اپنی عمارتوں کو بخیریت واپس پہنچ گئے۔ آج شام مناسک حج کا اختتام عمل میں آیا اور حجاج کرام نے جمرات میں تین شیطانوں کو آخری مرتبہ کنکریاں مارتے ہوئے مناسک حج کی تکمیل کی۔ ہندوستانی عازمین حج کیلئے ان کے معلمین کی جانب سے خصوصی بسوں کا انتظام کیا گیا تھا۔ تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے حجاج کرام کے علاوہ کرناٹک، مہاراشٹرا اور ٹاملناڈو کے چند اضلاع سے تعلق رکھنے والے حجاج کرام حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ سے روانہ ہوئے تھے۔ ہندوستانی سفیر برائے سعودی عرب ڈاکٹر اوصاف سعید اور کونسل جنرل جدہ نورالرحمن شیخ نے فریضہ حج اور مناسک کی تکمیل کے بعد حجاج کرام کی بخیر و عافیت عمارتوں میں واپسی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ایام حج کے دوران تمام حجاج بہ صحت و عافیت رہے اور اطمینان کے ساتھ انہوں نے مناسک کی تکمیل کی۔ ڈاکٹر اوصاف سعید کے مطابق مناسک حج کی ادائیگی کے دوران سعودی حکومت کے غیر معمولی انتظامات کے نتیجہ میں کوئی معمولی واقعہ بھی پیش نہیں آیا۔ ہندوستانی عازمین حج کو عزیزیہ اور گرین میں جو عمارتیں الاٹ کی گئی تھیں ان میں حجاج کرام آج شام تک پہنچ گئے۔ مناسک حج کے مطابق آج غروب آفتاب سے قبل حجاج کو منٰی کے حدود سے باہر نکلنا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ حج کمیٹی سے تقریباً ایک لاکھ 40 ہزار حجاج کرام جبکہ خانگی ٹورآپریٹرس سے 50 ہزار سے زائد حجاج نے فریضہ حج کی تکمیل کی ہے۔ ہندوستانی حجاج کرام کی خدمت کیلئے 269 حج آفیسرس، 170 ڈاکٹرس اور 181 پیرا میڈیکل اسٹاف کی خدمات حاصل کی گئی تھیں۔ ایام حج کے دوران بارش کے سبب موسم خوشگوار ہوگیا تھا۔ اسی دوران تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے حجاج کرام کے ساتھ موجود خادم الحجاج نے بتایا کہ دونوں ریاستوں کے حجاج کرام اپنی عمارتوں میں خیریت سے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مدینہ منورہ کو روانگی سے قبل تک حجاج کرام مکہ مکرمہ میں قیام کریں گے۔ حرم میں نماز کی ادائیگی کیلئے خصوصی بسوں کا انتظام برقرار رہے گا۔ حیدرآبادی رباط کے تمام عازمین خیریت سے ہیں۔ ناظر رباط حسین محمد الشریف نے ایام حج کے دوران انتظامات کی راست طور پر نگرانی کی۔ اسی دوران صدر نشین تلنگانہ حج کمیٹی مسیح اللہ خاں نے تلنگانہ حجاج کرام کی بخیر و عافیت مکہ مکرمہ واپسی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے خادم الحجاج کو ہدایت دی کہ اپنی خدمات دیانتداری کے ساتھ بدستور جاری رکھیں۔
