منتخب عازمین کو بطور اڈوانس 81 ہزار ادا کرنے کی ضرورت

   

9 فروری آخری تاریخ، حج مصارف کا تعین ابھی باقی، گذشتہ کے مقابلہ تلنگانہ کو زائد کوٹہ الاٹ

حیدرآباد۔/31 جنوری، ( سیاست نیوز) حج 2024 کے منتخب تلنگانہ عازمین کو حج مصارف کی پہلی قسط کے طور پر 81,800 روپئے ادا کرنے ہوں گے۔ حج کمیٹی آف انڈیا کے چیف ایگزیکیٹو آفیسر نے اس سلسلہ میں سرکولر جاری کیا ہے۔ تمام منتخب عازمین حج کو حج مصارف کے اڈوانس کے طور پر 80000 روپئے، پراسیسنگ فیس ناقابل واپسی 300 روپئے اور دیگر اخراجات کے طور پر 1500/- روپئے ادا کرنے ہیں۔ یہ رقم جو مجموعی طور پر 81800 روپئے ہوتی ہے یکم فروری تا 9 فروری حج کمیٹی آف انڈیا کے اکاؤنٹ میں جمع کرنی چاہیئے۔ حج کمیٹی آف انڈیا کی ویب سائیٹ پر کریڈٹ کارڈ، ڈیبٹ کارڈ، نیٹ بینکنگ اور یو پی اے سسٹم سے ادائیگی کی جاسکتی ہے۔ ایس بی آئی اور یونین بینک آف انڈیا کی کسی بھی برانچ میں حج کمیٹی آف انڈیا کے اکاؤنٹ میں یہ رقم جمع کی جائے۔ مصارف سے متعلق دیگر اقساط کا تعین فضائی کرایہ اور سعودی عرب میں قیام کے مصارف طئے کرنے کے بعد کیا جائے گا جس کی منتخب عازمین کو اطلاع دی جائے گی۔ حج 2024 کیلئے متعلقہ امبارکیشن پوائنٹس کے اخراجات کی تفصیلات بھی حج کمیٹی کی ویب سائیٹ پر پیش کی جائیں گی۔ اڈوانس رقم جمع کرنے کے بعد عازمین حج کو 12 فروری سے قبل متعلقہ حج کمیٹیوں کے پاس حج درخواست فارم، ڈیکلریشن یا انڈر ٹیکنگ، پے اِن سلپ یا آن لائن رسپٹ، میڈیکل اسکریننگ اینڈ فٹنس سرٹیفکیٹ اور اوریجنل انٹر نیشنل پاسپورٹ جمع کرانا ہوگا۔ چیف ایگزیکیٹو آفیسر نے منتخب عازمین سے خواہش کی ہے کہ اڈوانس رقم کے جمع کرنے اور متعلقہ حج کمیٹی میں دستاویزات اور پاسپورٹ جمع کرانے کیلئے طئے کی گئی تاریخوں کی پابندی کریں۔ واضح رہے کہ تلنگانہ حج کمیٹی کیلئے جاریہ سال 7811 عازمین کا آن لائن قرعہ اندازی کے ذریعہ انتخاب عمل میں آیا ہے۔ گذشتہ سال کے مقابلہ جاریہ سال تلنگانہ سے زائد عازمین کا انتخاب کیا گیا کیونکہ دیگر ریاستوں میں درخواستوں کی تعداد میں کمی واقع ہوئی ہے۔ تلنگانہ سے 70 سال عمر سے زائد عمر کے محفوظ زمرہ میں 376 اور بغیر مَحرم سفر کرنے والی خواتین کی 130 درخواستیں داخل کی گئی تھیں جن کا قرعہ اندازی کے بغیر انتخاب عمل میں آیا۔حج کمیٹی آف انڈیا کو 140020 کا کوٹہ الاٹ کیا گیا جبکہ سعودی حکومت نے ہندوستان کیلئے جملہ 175025 عازمین کا کوٹہ الاٹ کیا ہے۔ 80 فیصد نشستیں حج کمیٹی کو الاٹ کی جاتی ہیں۔ ہر 300 عازمین پر ایک خادم الحجاج کو روانہ کیا جاتا ہے اور ملک بھر سے جملہ466 خادم الحجاج روانہ ہوں گے۔ واضح رہے کہ تلنگانہ حج کمیٹی کو حج 2024 کیلئے جملہ 11312 درخواستیں داخل کی گئیں۔ قرعہ اندازی میں منتخب عازمین کے علاوہ 3502 باقی درخواست گذاروں کو ویٹنگ لسٹ کے تحت رکھا گیا ہے۔ گذشتہ سال حج 2023 کیلئے تلنگانہ سے 8659 درخواستیں داخل کی گئی تھیں اور جملہ 6560 عازمین تلنگانہ حج کمیٹی کے ذریعہ روانہ ہوئے تھے۔ حیدرآباد امبارکیشن پوائنٹ سے تلنگانہ، کرناٹک، مہاراشٹرا، آندھرا پردیش، بہار، چھتیس گڑھ، جھارکھنڈ اور ٹاملناڈو کے جملہ 7040 عازمین حج روانہ ہوئے تھے۔1