منتخب عازمین 31 اکٹوبر تک سفری اخراجات کی پہلی قسط ادا کردیں

   

حیدرآباد۔/29 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) حج 2025 کے منتخب عازمین حج سفری اخراجات کی پہلی قسط کے طور پر 130300 روپئے 31 اکٹوبر سے قبل حج کمیٹی آف انڈیا میں ادا کرسکتے ہیں۔ حج کمیٹی نے پہلی قسط کی ادائیگی کے لئے 31 اکٹوبر تک کی مہلت دی ہے۔ منتخب عازمین حج رقم کی ادائیگی کیلئے حج کمیٹی آف انڈیا کی ویب سائیٹ سے استفادہ کرتے ہوئے رقم جمع کراسکتے ہیں۔ اسٹیٹ بینک آف انڈیا یا یونین بینک آف انڈیا کی کسی برانچ سے بھی حج کمیٹی آف انڈیا کے اکاؤنٹ میں رقم جمع کرائی جاسکتی ہے۔ پہلی قسط کی ادائیگی کے بعد عازمین حج درخواست فارم، سیلف ڈیکلریشن، پے سلپ کی کاپی، آن لائن ریسپٹ، میڈیکل اسکریننگ اینڈ فٹنس سرٹیفکیٹ اور انٹر نیشنل پاسپورٹ کی کاپی 5 نومبر تک متعلقہ حج کمیٹیوں کے پاس جمع کراسکتے ہیں۔ حج کمیٹی آف انڈیا نے واضح کیا ہے کہ پہلی قسط کی ادائیگی اور دستاویزات کے ادخال کی آخری تاریخ میں توسیع نہیں کی جائے گی اور ادائیگی میں ناکام عازمین کی حج نشست منسوخ کردی جائے گی۔ اسی دوران صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی جناب سید غلام افضل بیابانی خسرو پاشاہ نے منتخب عازمین حج سے اپیل کی ہے کہ وہ پہلی قسط کی رقم جمعرات 31 اکٹوبر تک ادا کردیں۔ مزید تفصیلات کیلئے تلنگانہ حج کمیٹی کے دفتر واقع حج ہاوز، نامپلی یا فون نمبر 040-23298793 پر ربط قائم کریں۔1