کنٹراکٹ لکچررس کی 48,230 روپے اور ہوم گارڈس کی تنخواہ 26 ہزار ہوگئیں
حیدرآباد ۔ ریاستی حکومت نے تلنگانہ میں اعزازی تنخواہوں میں 30 فیصد اضافہ کا اصولی طور پر فیصلہ کیا ہے۔ اعزازی تنخواہیں حاصل کرنے والے مقامی اداروں کے عوامی منتخب نمائندوں کی تنخواہوں میں بھی 30 فیصد اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس سلسلہ میں محکمہ فینانس کے پرنسپل سکریٹری کے راما کرشنا راؤ نے احکامات جاری کردیئے۔ فی الحال سرپنچوں اور ایم پی ٹی سی ارکان کو ماہانہ 5 ہزار اور زیڈ پی ٹی سی ارکان کو 10 ہزار روپے اعزازی تنخواہ ادا کی جارہی ہے جس میں اب 30 فیصد کا اضافہ ہوگا۔ اس کے علاوہ ہوم گارڈس، انگن واڑی ورکرس، وی آر اے، وی او اے، ، آشا ورکرس کی تنخواہوں میں بھی 30 فیصد کا اضافہ کیا گیا ہے۔ ساتھ ہی کنٹراکٹ اور اؤٹ سورسینگ خدمات انجام دینے والے ملازمین کی تنخواہوں میں بھی 30 فیصد کا اضافہ کیا گیا ہے۔ اس کے لئے بھی احکامات جاری کردیئے گئے ہیں۔ حکومت نے سرکاری کاموں میں یومیہ اُجرت پر کام کرنے والے مزدوروں کی تنخواہوں میں اضافہ کرتے ہوئے انہیں روزانہ 300 روپے کے بجائے 390 روپے ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ فل ٹائم ورکرس کی ماہانہ تنخواہ کو 8 ہزار سے بڑھاکر 10,400 روپے کیا گیا ہے۔ پارٹ ٹائم ورکرس کی تنخواہ کو 4 ہزار روپے سے بڑھاکر 5,200 روپے کیا گیا ہے۔ یہ تنخواہیں جون سے ادا کی جائیں گی۔ کنٹراکٹ لکچررس کی تنخواہوں میں اضافہ کرتے ہوئے انہیں ماہانہ 48,230 روپے ادا کرنے کا فیصلہ کیاہے اور ساتھ ہی ہوم گارڈس کی تنخواہیں بڑھ کر 26 ہزار روپے تک پہنچ چکی ہے۔