سری نگر : نیشنل کانفرنس کے نائب صدر و سابق چیف منسٹر عمر عبداللہ نے کہا کہ ڈسٹرک ڈیولپمنٹ کونسل صدور نشین انتخابات میں منتخب نمائندوں کی ‘خرید و فروخت’ کوئی حیران کن بات نہیں ہے ۔انہوں نے سری نگر اور شوپیاں اضلاع میں چیئرمین کاعہدہ جیتنے والی ‘اپنی پارٹی’ یا اس کی حمایتی جماعت بی جے پی کا نام لئے بغیر کہا کہ ‘یہ لوگ 1984 سے منتخب نمائندوں کی خرید و فروخت کا کاروبار کرتے آئے ہیں’۔عمر عبداللہ نے ایک ٹوئیٹ میں کہا کہ ‘شوپیاں ڈی ڈی سی انتخابات، یہاں تک کہ اس معاملے کیلئے سری نگر بھی، واقعی حیران کن نہیں ہیں۔ یہ لوگ 1984 سے ایسا کرتے آئے ہیں۔ پریکٹس کامل بناتی ہے ‘۔واضح رہے کہ جموں و کشمیر میں ہفتے کو پانچ ڈی ڈی سی چیئرمینوں اور ڈپٹی چیئرمینوں کے انتخابات کے پہلے مرحلے میں اپنی پارٹی اور بی جے پی نے دو دو نشستوں پر قبضہ کیا۔