لندن ۔10 جولائی (سیاست ڈاٹ کام )انگلینڈ کے سابق کپتان اور معروف کمنٹیٹر مائیکل وان نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق کرکٹر اور ممتاز مبصر سنجے منجریکر نے انہیں ٹوئٹر پر بلاک کردیا ہے۔گزشتہ دنوں سنجے منجریکر نے آل راؤنڈر رویندرا جڈیجہ کے حوالے سے ٹوئٹ میں نامناسب الفاظ استعمال کیے تھے جس پر انہیں ہندوستانی شائقین کے ساتھ وان نے بھی تنقید کا نشانہ بنایا تھا اور سابق انگلش کپتان کا دعویٰ ہے کہ انہیں منجریکر نے ٹوئٹر پر بلاک کردیا ہے۔اپنے ایک ٹوئٹ میں منجریکر نے کہا تھا کہ میں ریلو کٹا کھلاڑیوں کا زیادہ بڑا مداح نہیں جیسا کہ اپنے کیریئر کے اس مرحلے پر 50 اوورز کی کرکٹ میں جڈیجہ ہیں، ٹسٹ میچز میں وہ ایک خاص بولر ہیں لیکن ونڈے میں ان کی جگہ میں اسپنر یا بیٹسمین کو کھلانے کو ترجیح دوں گا۔ اس پرجڈیجہ نے انہیں ترکی بہ ترکی جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس کے باوجود میں نے آپ سے دوگنے میچز کھیلے ہیں اور اب بھی کھیل رہا ہوں، ان لوگوں کی عزت کرنا سیکھیں جنہوں نے کچھ حاصل کیا ہے، میں آپ کا زبانی ڈائریا بہت زیادہ جھیل چکا ہوں۔تاہم بعدازاں جب سری لنکا کے خلاف میچ میں آل راؤنڈر نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کیا تو منجریکر نے اپنا بیان یکسر بدلتے ہوئے جڈیجہ کو اسٹریٹ اسمارٹ کرکٹر قرار دیا۔صرف یہی نہیں بلکہ انہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف سیمی فائنل کے لیے اپنے ممکنہ کھلاڑیوں کی فہرست میں بھی جڈیجہ کو شامل کیا جس پر مائیکل وان نے موقع دیکھ کر منجریکر پر طنز کیا کہ ریلو کٹا کرکٹر کو آپ نے اپنی ٹیم میں منتخب کر لیا ہے۔ اس پر منجریکر نے جواب دیا کہ میں نے انہیں منتخب نہیں کیا بلکہ یہ پیش قیاسی کی ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں کونسی ٹیم کھلائی جائے گی۔ اس تمام تر صورتحال کے دوران مائیکل وان نے انکشاف کیا کہ انہیں سنجے منجریکر نے بلاک کردیا ہے اور اس کا مطلب یہ ہوا کہ اب سابق انگلش کپتان منجریکر کی کسی بھی ٹوئٹ پر سوال و جواب نہیں کر سکیں گے۔
بیئر سٹو سیمی فائنل میں کلیدی کھلاڑی:معین علی
برمنگھم۔10 جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) انگلش آل راؤنڈر معین علی نے کہا کہ جونی بیئر سٹو آسٹریلیا کے خلاف ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میچ میں ٹیم کا اہم ہتھیار ثابت ہوں گے۔ معین علی نے کہا کہ انکی ٹیم کی ورلڈ کپ میں اب تک میچز کے بعد کارکردگی تسلی بخش ہے ،ہماری ٹیم متوازن اور مضبوط اسکواڈ پر مشتمل ہے اور ہماری ٹیم کے پاس اس بار اپنی سرزمین پر ورلڈ کپ جیتنے کا سنہری موقع ہے۔