حیدرآباد۔/27 مارچ، ( این ایس ایس ) کانگریس نے اپنے منحرف ارکان اسمبلی اور سینئر قائدین سے دوبارہ پارٹی میں واپسی کی اپیل کی ہے۔ پردیش کانگریس کمیٹی کے خازن جی نارائن ریڈی نے گاندھی بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تلنگانہ قانون ساز کونسل کے انتخابات کے نتائج کا خیرمقدم کیا ہے جن میں کانگریس کے تائیدی امیدواروں نے ٹیچرس اور گریجویٹ کیلئے مختص تمام تین حلقوں میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی انتخابات میں ہی تلنگانہ عوام کا موڈ ٹی آر ایس کے خلاف ہوچکا تھا۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے الیکٹرانک ووٹنگ مشینس میں اُلٹ پھیر اور بدعنوانیوں میں ملوث ہوتے ہوئے انتخابی کامیابی حاصل کی تھی۔ لیکن ایم ایل سی انتخابات جو بیالٹ پیپر کے ذریعہ منعقد کئے گئے تھے یہ ثابت کردیا کہ وہ ٹی آر ایس نہیں بلکہ کانگریس ہے جنہیں گزشتہ انتخابات میں عوام نے ووٹ دیا تھا اور کانگریس کو ہی مستقبل میں ووٹ دینا چاہتے ہیں۔