آندھراپردیش میں جگن کی تائید کرنے پر اعتراض، ہندوجا کمپنی سے اراضی واپس لینے حکومت سے مطالبہ
حیدرآباد۔15 مارچ (سیاست نیوز) سکریٹری اے آئی سی سی وی ہنمنت رائو نے کہا کہ انحراف کرنے والے ارکان اسمبلی کو عوام کی جانب سے سبق سکھائے جانے کے دن قریب آچکے ہیں۔ جن ارکان نے ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرتے ہوئے کانگریس کو دھوکہ دیا ہے انہیں عوام ضرور پٹائی کریں گے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہنمنت رائو کہا کہ منحرف ارکان اسمبلی کو شرم آنی چاہئے کیوں کہ ان کا فیصلہ سیاسی فحاشی کی طرح ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہنمنت رائو نے کہا کہ کانگریس سے انحراف کرنے والے قائدین نے عوامی فیصلے کی توہین کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس سے انحراف کرنے والے قائدین کے سبب ٹی آر ایس کو نقصان ہوگا۔ کے سی آر اگر یہ تصور کرتے ہیں کہ انحراف کے ذریعہ پارٹی مستحکم ہوگی تو یہ ان کی غلط فہمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا صفایا کرنے کے لیے کے سی آر مختلف سازشیں کررہے ہیں۔ جمہوریت کے استحکام کے لیے مضبوط اپوزیشن لازمی ہے۔ انہوں نے تلنگانہ میں ہندوجا کمپنی کو الاٹ کردہ 11 ایکڑ اراضی واپس حاصل کرتے ہوئے اسے غریبوں میں تقسیم کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان اراضیات پر انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے تحقیقات کرتے ہوئے رپورٹ سی بی آئی کو روانہ کی تھی لیکن سی بی آئی نے کوئی کارروائی نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو کو تلنگانہ کا غدار قرار دینے والے کے سی آر اس بات کی وضاحت کریں کہ وہ تلنگانہ کی مخالفت کرنے والے جگن کی کس طرح تائید کررہے ہیں۔ چندرا بابو نائیڈو نے اسمبلی میں تلنگانہ کی تائید کی تھی انہوں نے کہا کہ ہندوجا کی اراضی پر غریبوں کے لیے ڈبل بیڈروم مکانات تعمیر کیئے جائیں۔ ہنمنت رائو نے کہا کہ 40 سالہ سیاسی کیریئر میں انہوں نے کبھی بھی اس قدر گھٹیا انداز میں انحراف نہیں دیکھا ہے۔ جس کی کے سی آر حوصلہ افزائی کررہے ہیں۔