حکمت عملی طئے کرنے منحرف ارکان کی سرگرم مشاورت
حیدرآباد۔/4فروری، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے بی آر ایس کے 10 منحرف ارکان اسمبلی کو اسمبلی سکریٹری کی جانب سے نوٹس کی اجرائی کو معمول کی کارروائی قرار دیا اور کہا کہ ارکان اسمبلی کے خلاف شکایت ملنے پر ان سے وضاحت طلب کرنے کیلئے نوٹس کی اجرائی مقننہ قواعد کے مطابق ہے۔ اسمبلی لابی میں میڈیا کے نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے چیف منسٹر نے نوٹس کی اجرائی پر مزید تبصرہ سے گریز کیا اور کہا کہ اسپیکر اور اُن کا دفتر قاعدہ کے مطابق کارروائی کرتا ہے۔ دوسری طرف منحرف ارکان آج ایک دوسرے سے ملاقات کرتے ہوئے نوٹس کی وصولی پر تبادلہ خیال کرتے دیکھے گئے۔ اجلاس کے اختتام کے فوری بعد ایوان میں اور اس کے باہر منحرف ارکان کو ایک دوسرے سے محو گفتگو دیکھا گیا اور وہ نوٹس کی اجرائی پر لائحہ عمل کے تعین میں مصروف تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ منحرف ارکان نے اسپیکر پرساد کمار سے ملاقات کرتے ہوئے جواب داخل کرنے کیلئے وقت دینے کی خواہش کی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ منحرف ارکان نے کئی ریاستی وزراء سے بھی اس مسئلہ پر تبادلہ خیال کیا۔ دلچسپ بات یہ تھی کہ نوٹس کی اجرائی کے بعد ایوان میں موجود بی آر ایس قائدین خاص طور پر کے ٹی راما راؤ کی نظریں منحرف ارکان کی سرگرمیوں پر ٹکی ہوئی تھیں اور بی آر ایس ارکان کی باڈی لینگویج سے محسوس ہورہا تھا کہ وہ نوٹس کی اجرائی کو اہم کامیابی تصور کررہے ہیں اور انہیں امید ہے کہ سپریم کورٹ کے ذریعہ منحرف ارکان کے خلاف کارروائی میں مدد ملے گی۔1