منحرف ارکان کے جواب پر اسپیکر فیصلہ کرینگے

   

کے ٹی آر خود اپنے جال میں پھنس گئے، ڈاکٹر ملو روی ایم پی کا ردعمل
حیدرآباد۔ 14 ستمبر (سیاست نیوز) کانگریس رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر ملو روی نے منحرف ارکان اسمبلی کے مسئلہ پر بی آر ایس ورکنگ صدر کے ٹی آر کے بیان پر سخت تنقید کی۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر ملو روی نے کہا کہ ارکان اسمبلی کے مسئلہ پر بیان بازی کے ذریعہ کے ٹی آر خود اپنے جال میں پھنس چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 10 ارکان اسمبلی کے استعفی کا مطالبہ کرنے والے کے ٹی آر پہلے وضاحت کریں کہ بی آر ایس کے 10 سالہ دور میں کانگریس اور دیگر اپوزیشن کے ارکان میں کتنے ارکان نے استعفی دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ انحراف کی حوصلہ افزائی بی آر ایس کی تاریخ ہے۔ 2014 سے 10 برسوں میں اپوزیشن کو کمزور کرنے انحراف کی تائید کی گئی۔ کانگریس اور دیگر پارٹیوں کے ارکان کو شامل کرکے بعض کو کابینہ میں شامل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس سے ناراض ارکان اسمبلی سے استعفی کا مطالبہ مضحکہ خیز ہے۔ سپریم کورٹ کی ہدایت پر اسپیکر اسمبلی نے 10 ارکان کو نوٹس جاری کی ۔ ارکان اسمبلی کی وضاحت کی بنیاد پر اسپیکر ازروئے قانون فیصلہ کریں گے۔ 1