مندا کرشنا مادیگا کی بھٹی وکرمارکا سے ملاقات

   

ایس سی زمرہ بندی کی تائید کا مطالبہ
حیدرآباد ۔23۔ اگست (سیاست نیوز) ایم آر پی ایس کے سربراہ مندا کرشنا مادیگا نے آج ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا اور وزیر عمارات و شوارع کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی سے ملاقات کی اور ریاست میں ایس سی زمرہ بندی سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلہ پر عمل آوری کا مطالبہ کیا۔ وزیر صحت دامودر راج نرسمہا اور ایم آر پی ایس قائدین کے ہمراہ ملاقات میں مندا کرشنا مادیگا نے کہاکہ کانگریس پارٹی کو ایس سی زمرہ بندی کے حق میں قومی سطح پر فیصلہ کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی اس معاملہ میں ٹال مٹول سے کام لے رہی ہے اور دیگر طبقات سے مشاورت کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تقریباً 30 برسوں کی جدوجہد کے بعد ایس سی زمرہ بندی کے حق میں سپریم کورٹ کے دستوری بنچ نے فیصلہ کیا ہے۔ ایم آر پی ایس قائدین نے بھٹی وکرمارکا اور دامودر راج نرسمہا سے اپیل کی کہ ایس سی زمرہ بندی کے حق میں فیصلہ کے لئے کانگریس ہائی کمان پر دباؤ بنائیں۔ بھٹی وکرمارکا نے یقین دلایا کہ وہ اس بارے میں پارٹی اعلیٰ کمان سے بات چیت کریں گے ۔ اس موقع پر گورنر وہپ اے لکشمن کمار ، ڈاکٹر کے ست نارائنا ، ایم ویریشم ، ایم نرسمہلو، پروفیسر قاسم اور دیگر قائدین موجود تھے۔ 1