مندروں میں سرقہ کی سنسنی خیز واردات کا معمہ حل

   

شکوک و شبہات دور ، جدید ٹکنالوجی کی مدد سے ملزم وجئے شنڈے گرفتار ، دو مفرور : ایس پی بھینسہ
بھینسہ ۔4 فبروری ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) بھینسہ کی چار مندروں میں سلسلہ وار سرقہ کرنے والے سارق کو بھینسہ پولیس نے گرفتار کرتے ہوئے عدالتی تحویل میں پیش کرنے سے قبل میڈیا کے روبرو پیش کیا اس دوران ضلع نرمل ایس پی ڈاکٹر جانکی شرمیلہ نے میڈیا کو تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ایک سارق جو گزشتہ کچھ دنوں سے بھینسہ شہر کے مندروں میں سرقہ کی وارداتیں انجام دے رہا تھا 4 فبروری کو تقریباً ایک بجے انتہائی جدید ٹیکنالوجی سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے سارق وجے شنڈے عرف اشوک 36 سالہ بلرام پور ضلع ناندیڑ مہاراشٹرا متوطن و موجودہ قیام پذیر شاستری نگر اُٹنور ضلع عادل آباد کو گرفتار کر لیا گیا جس کے قبضہ سے پولیس نے مسروقہ تقریباً تین کلو 150 گرام چاندی اور تین ماشا سونا ضبط کیا ہے ۔ انھوں نے مزید بتایا کہ گزشتہ دو تین مہینوں سے بھینسہ میں نرسمہاسوامی مندر ، ہنومان مندر پھولے نگر ، سنتوشی ماتا مندر نرمل روڈ ، بالاجی مندر کیلاش فیکٹری اور ہیما وینس شاپ پر ہونے والے سرقہ کی وارداتوں نے بھینسہ شہر میں انتہائی عدم تحفظ کا احساس پیدا کر دیا ہے ان سرقوں میں تقریباً چار کلو چاندی ، تین ماشا سونا اور کچھ نقدی کا سرقہ کیا گیا لیکن بھینسہ پولیس نے سارق وجے شنڈے عرف اشوک کو گرفتار کرتے ہوئے پوچھ تاچھ کرنے پر سارق نے اعتراف کیا کہ 10اکتوبر 2024 کی رات دیر گئے نرسمہا نگر بھینسہ میں واقع نرسمہاسوامی مندر میں سرقہ کرنے کیلئے مندر کے دروازوں کو لوہے کی چھینی کی مدد سے توڑا اور مندر کے اندر کی ہنڈی کو توڑنے کی کوشش کی لیکن ہنڈی نہیں ٹوٹنے پر کمرے کے دروازوں کے تالے توڑ کر سوامی کے تاج کا سرقہ کیا۔ علاوہ ازیں ایک ماہ قبل جنوری کے مہینے میں سرقہ کرنے کے لیے بھینسہ آکر رات کو گھومتے ہوئے پھولے نگر میں ہنومان مندر میں کوئی نہ ہونے کی وجہ سے دیوار پھلانگ کر مندر کے اندر گیا اور ایک ہنڈی دیکھی لوہے کی چھینی کی مدد سے ہنڈی توڑنے کی کوشش کی لیکن ہنڈی نہ ٹوٹنے پر مندر کے ایک کمرے کا تالہ توڑ کر اندر جاکر تقریباً آٹھ ہزار روپیے کا سرقہ کرکے فرار ہوگیا ۔ علاوہ ازیں ایک ہفتہ قبل یعنی 26جنوری کو رات کے وقت سارق بھینسہ آیا اور رات تقریباً ایک بجے جب پپری کالونی میں شراب خانہ جاکر ہیما وانس شاپ کو تالے لگے ہونے پر اس سے منسلک پرمٹ کمرے میں سرقہ کرنے گیا اور گیٹ پر چڑھ کر اوپر سے کود کر اندر داخل ہوا اور اپنے پاس موجود لوہے کی چھینی کی مدد سے کاؤنٹر کا تالا توڑ کر بھاری نقدی ، شراب کی بوتلیں اور کھانے کی اشیا کا سرقہ کر لیا اور سارق وہیں نشہ کر کے چلا گیا اور اندھیرے میں چلتے ہوئے اسی دوران ڈیڑھ بجے برقی دفتر کے قریب سنتوشی ماتا مندر پہنچ کر مقفل ہونے پر اپنے پاس موجود لوہے کی چھینی کی مدد سے مندر کے تالے توڑ کر اماں کا چاندی کا تاج اور چاندی کی پانچ چھوٹی انگوٹھیاں ، سونے کی ناک کا ٹکڑا ، چاندی اور دیگر سامان کا سرقہ کرلیا ۔ اسی رات تقریباً دو بجے وہاں سے اندھیرے میں چل پڑا جب اس نے نرمل چوراستہ کے قریب ایک مندر کے اوپر روشنیاں دیکھی اور اس مندر میں گیا تو مندر کو تالا لگا ہوا تھا چھینی کی مدد سے بالاجی مندر (کیلاش فیکٹری) کے تالے توڑ دیئے اور بھگوان کے پیروں سے چاندی کا شتھاگوپا اور دیوی کا چاندی کا تاج اور سونے کے طومار کا سرقہ کرلیا اس موقع پر نرمل ضلع ایس پی ڈاکٹر جانکی شرمیلا نے کہا کہ شہریوں کو اپنی عبادت گاہوں، کاروباری کمپلیکس اور رہائش گاہوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے چاہئیں کیونکہ مجرموں کا سراغ لگانے میں معاون ہو تاکہ جرائم پر قابو پایا جا سکے ۔ انھوں نے مزید کہا کہ بھینسہ شہر فرقہ وارانہ طور پر ایک حساس علاقہ ہے اور مندروں میں ہونے والی سرقہ کی وارداتوں نے شہر میں ایک غیر محفوظ ماحول پیدا کر دیا تھا لیکن پولیس نے عوام میں پائے جانے والے تمام شکوک و شبہات کو ختم کردیا جو کہ چار مندروں میں سنسنی خیز سرقہ کی وارداتوں سے پیدا ہوگئی تھی اور کہا کہ اس سرقہ کے معاملہ میں ساتھ دینے والے دو ملزمین پوجا شنڈے 30 سالہ اور پانڈو رنگ راما راؤ رتن پارکھے عرف بابو 48 سالہ چاندی تاجر کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا گیا جنھیں گرفتار کیا جائیگا ۔ اس پریس کانفرنس میں بھینسہ اے ایس پی اویناش کمار آئی پی ایس ، ٹاؤن سرکل انسپکٹر گوپی ناتھ اور سب انسپکٹران سرینواس ، محمد غوث کے علاوہ ہیڈکانسٹیبل آنند ، پی سی پرمود ، ہری بابو ، امباداس ، سبھاش ، شیوراج ، چندر ، ڈبلیو پی سیز انیتا ، سنگیتا اور ہوم گارڈ گنگا راؤ و دیگر موجود تھے تمام کو ضلع ایس پی ڈاکٹر جانکی شرمیلا آئی پی ایس نے مبارکباد دی۔