بھوپال 6 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) ایسے وقت میں جبکہ پیر 8 جون سے عبادتگاہوں و ہوٹلوں کو کھولا جا رہا ہے اور حکومت نے کچھ رہنما خطوط بھی جاری کئے ہیں جن میں ماسک اور سینیٹائزر کے استعمال پر زور دیا گیا ہے مدھیہ پردیش میں ایک مندر کے پجاری نے کہا کہ وہ مذہبی مقامات پر سینیٹائزر کے استعمال کے مخالف ہیں ۔ بھوپال ما ویشنو دھام نو درگا مندر کے پجاری چندر شیکھر تیواری نے کہا کہ حکومت کا کام ہے کہ وہ رہنما خطوط جاری کرے لیکن وہ مندروں میںسینیٹائزر کے استعمال کے مخالف ہیں کیونکہ اس میں الکوحل استعمال کیا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم شراب پی کر مندر میں نہیں جاسکتے تو کس طرح سے اپنے ہاتھ الکوحل سے دھوکر مندر مے جاسکیں گے ؟ ۔ انہوں نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ عوامی مقامات پر اپنے طور پر شخصی نگہداشت اور صفائی وغیرہ کویقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ مندروں کے باہر ہاتھ دھونے کی مشینیں لگا کر وہاں صابن کا انتظام کیا جاسکتا ہے ۔