مندر میں تولنے کی رسم‘ترازو ٹوٹنے سے ششی تھرور زخمی

,

   

تھرواننتاپورم 15 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) کیرالا میں آج سالِ نو ’ویشو‘ کے موقع پر کانگریس لیڈر ششی تھرور ایک مقامی مندر میں پوجا کے لئے پہونچے جہاں اُنھیں مذہبی رسم کے طور پر پھولوں، مٹھائیوں اور پرساد کی دیگر اشیاء میں تولا گیا۔ بدقسمتی سے وزنی ترازو ٹوٹ گیا اور اُس کا نوکیلا حصہ ششی تھرور کی پیشانی پر جا لگا۔ تھمپانور کی گندھاری امّن کویل مندر میں اِس واقعہ کے فوری بعد کانگریس لیڈر کو تھرواننتاپورم کے دواخانہ سے رجوع کیا گیا جہاں اُنھیں سر کی دونوں جانب 6 اور 5 جملہ 11ٹانکے لگانے پڑے۔ تاہم ڈاکٹروں نے اُنھیں خطرے سے باہر بتایا ہے۔ جاریہ لوک سبھا انتخابات میں وہ حلقہ تھرواننتاپورم سے کانگریس امیدوار ہیں۔ جیسے ہی حادثہ کی خبر ملی ، صدر کانگریس راہول گاندھی کے بشمول ششی تھرور کے مداحوں نے اُن کی خیریت دریافت کی۔