مندر میں توڑپھوڑ کرنے والے چار نوجوان گرفتار

   

Ferty9 Clinic

کراچی ۔ 28 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان میں چار نوجوان لڑکوں کو مبینہ طور پر ایک مندر میں توڑپھوڑ کرنے کی پاداش میں گرفتار کرلیا گیا جو صوبۂ سندھ میں واقع ہے۔ اس موقع پر پاکستان کے ہندو وزیر نے لڑکوں پر ہندو بھگوانوں کی توہین کا معاملہ درج کرنے کی خواہش کی ہے۔ لڑکوںکی عمر 15، 13، 13 اور 12 سال بتائی گئی ہے۔ انہوں نے اعترافِ جرم کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مندر میں موجود رقم کا سرقہ کرنے کیلئے توڑپھوڑ مچائی۔ ماتا دیول بھٹانی مندر تھارپار کرکے چھاچرو مستقر میں واقع ہے۔ اتوار کی شب چار لڑکوں نے مندر میں توڑپھوڑ کرتے ہوئے مورتیوں کو بھی نقصان پہنچایا تھا۔ دریں اثناء تھارپارکر کے سینئر پولیس سپرنٹنڈنٹ احمدیار نے بتایا کہ چاروں کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ دریں اثناء سندھ کے وزیر برائے اقلیتی امور ہری کرشنا کشوری لال نے پولیس کو ہدایت کی ہیکہ چاروں ملزمین کے خلاف مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے اور ہندو بھگوانوں کی توہین کا معاملہ درج کیا جائے۔ چھاچرو ایک ایسا مستقر ہے جو اپنے پرامن ماحول، فرقہ وارانہ بھائی چارہ اور مذہبی رواداری کیلئے مشہور ہے۔