مندر میں توڑ پھوڑ کے ملزمین کی گرفتاری کا مطالبہ

   

دہلی میں فرقہ وارانہ کشیدگی ،وی ایچ پی کی کمشنر پولیس سے نمائندگی
نئی دہلی۔ 2 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) دہلی یونٹ وی ایچ پی صدر اولک کمار کی زیرقیادت ایک وفد نے آج دہلی پولیس کمشنر امولیا پٹنائیک سے ملاقات کی اور درخواست کی کہ دہلی کے حوض قاضی علاقہ میں موجود مندر میں توڑ پھوڑ میں ملوث افراد کو گرفتار کرے۔ پیر کو قدیم جاوڑی بازار علاقہ میں اسکوٹر پارکنگ مسئلہ پر دو افراد کے درمیان تنازعہ پیدا ہوگیا تھا جو بعد میں فرقہ وارانہ رنگ لے لیا اور تناؤ کی کیفیت کے درمیان ایک مقامی مندر میں توڑ پھوڑ کی گئی۔ وفد نے پولیس کو چار یوم کے اندر خاطیوں کی گرفتاری اور ان کے خلاف ایکشن لینے کیلئے الٹی میٹم دیا ہے۔ کمار نے کہا کہ اگر پولیس گرفتاریوں میں ناکام ہوتی ہے تو ہندو سماج مستقبل کے لائحہ عمل کو ترتیب دے گا۔ ایک سینئر پولیس عہدیدار کمار نے کہا ہے کہ پولیس اس واردات کے سلسلے میں تین افراد کو گرفتار کرچکی ہے۔ اس کے علاوہ کمشنر سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے خاطیوں کو گرفتار کرے۔