حیدرآباد۔/22 جنوری، ( سیاست نیوز) رچہ کنڈہ پولیس نے ایل بی نگر مندر میں سرقہ کرنے والی ٹولی کو بے نقاب کرتے ہوئے 4 افراد کوگرفتار کرلیا۔ یہ بات کمشنر پولیس رچہ کنڈہ مہیش بھگوت نے بتائی۔ انہوں نے بتایا کہ 31 سالہ پی چنا سنیانند عرف ستیش ساکن گنٹور، 25 سالہ دراوت نوین ساکن نلگنڈہ، 24 سالہ گڈم سامیا ساکن گنٹور اور 27 سالہ جنگالہ پرساد ساکن گنٹور کو گرفتار کرلیا جبکہ منڈلہ ناگیندر مفرور بتایا گیا ہے۔پولیس نے اس ٹولی کے قبضہ سے 19 لاکھ 40 ہزار روپئے مالیتی اشیاء بشمول 215 گرام طلائی زیورات کو ضبط کرلیا ۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ سرقہ کی واردات کی شکایت کے بعد پولیس نے حالات کا جائزہ لیا۔ تلنگانہ ریاست میں اس طرح مندر میں سرقہ کا یہ پہلا واقعہ تھا۔ پولیس کی جانب سے آئی ٹی سیل کی مدد سے خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی اور آندھرا پردیش میں پیش آئے اس طرح کے واقعات کی جانچ کے بعد پولیس نے اس ٹولی کو گرفتار کرلیا۔ یہ ٹولی 11 مقدمات میں ملوث ہے۔ اس ٹولی کے قبضہ سے ضبط شدہ کار اور موٹر سیکل بھی سرقہ کی ہوئی تھی جنہیں وارداتیں انجام دینے کیلئے استعمال کرتے تھے۔ ع