مندر میں سرقہ کرنے والی ٹولی گرفتار

   

حیدرآباد۔ /12 جولائی، ( سیاست نیوز) دن میں درشن اور رات میں سرقہ کرنے والی مندر چوروں کی ایک ٹولی کو سی سی ایس شمس آباد پولیس نے بے نقاب کردیا اور اس ناگولوری گینگ کے 6 ارکان کو گرفتار کرلیا۔ یہ ٹولی دن کے اوقات شہر کے مضافات میں واقع منادر کا دورہ کرتی تھی اور مندر کے اطراف علاقہ کی جانچ کرتی تھی اور مورتی پر لگے ہوئے زیورات اور بالخصوص ہنڈی پر اس کی نظر رہتی تھی۔ ہنڈی میں رقم کی موجودگی اور اس کے وزن کو دیکھنے کیلئے ہنڈی میں چلر پیسے ڈال کر آواز سنتے تھے اور رات میں موقع پاکر سرقہ کرلیا کرتے تھے۔ پولیس نے ناگولوری ادی نارائنا ناگولوری ،ایشور، بی انجینلو، ناگولوری انجیا کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے 60 گرام طلائی زیورات تین کیلو 26 گرام چاندی کی اشیاء اور تین موٹر سیکل اور 5 موبائیل فون ضبط کرلئے۔ اس ٹولی نے وقارآباد ، محبوب نگر، نارائن پیٹ، ونپرتی، ناگرکرنول، گدوال، سائبرآباد کمشنریٹ کے علاوہ کڑپہ اور چتور حلقوں میں تقریباً50 مندروں کو نشانہ بنایا۔