بھروچ ۔ 5 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ٹاملناڈو کے رہنے والے وجئے کمار نے اپنے گاؤں میں مندر کی تعمیر کیلئے اپنے قریبی دوست عبداللہ محمد حنیف شیخ سے مدد طلب کی جو گجرات میں رہتے ہیں۔ حنیف شیخ کا تعلق بھی ٹاملناڈو کے پرائپتی گاؤں سے ہے لیکن وہ گذشتہ ایک دہے سے گجرات کے بھروچ میں مقیم ہیں۔ انہوں نے مندر کی تعمیر کیلئے اپنے دوست کی مدد کرنے اپنے دوستوں سے تین لاکھ روپئے عطیہ جمع کیا۔ چار ماہ قبل انہوں نے مدد طلب کی تھی اور 10 دن پہلے ان سے ملاقات کیلئے آئے۔ حنیف شیخ نے بتایا کہ واپی سے مہسانا تک کئی مدراسی رہتے ہیں۔ انہوں نے شخصی طور سے ان سے ملاقات کرکے رقم جمع کی۔ وجئے کمار نے بتایا کہ انہوں نے 10 دن تک حنیف شیخ کے ساتھ رہ کر یہ رقم جمع کی ہے۔ وجئے کمار نے بتایا کہ ان کے گاؤں میں کوئی بھی ہندو یا مسلمان کی طرح نہیں رہتا بلکہ سب دوستوں کی طرح رہتے ہیں۔
