مندر 2024ء تک بن جائے گی : وی ایچ پی

   

اندور ؍ احمدآباد ، 9 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ایودھیا کیس میں سپریم کورٹ فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے وی ایچ پی کے انٹرنیشنل پریسیڈنٹ وشنو سداشیو کوکجے نے ہفتہ کو امید ظاہر کی کہ عظیم الشان مندر رام جنم بھومی نیاس کے تیار کردہ ڈیزائن کے مطابق اسی مقام پر تعمیر کردی جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ انھیں اعتماد ہے کہ رام مندر کی تعمیر 2024ء سے قبل اُس ٹرسٹ کی جانب سے عمل میں لائی جائے گی، جو عدالت کے حکمنامہ کے مطابق تشکیل دیا جانا ہے۔ وشنو نے نیوز ایجنسی ’پی ٹی آئی‘ کو بتایا کہ ایودھیا کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلہ کے بعد متعلقہ فریقوں میں کسی کی بھی ناکامی یا فتح کا کوئی سوال نہیں ہے۔ فاضل عدالت نے صدیوں پرانے مسئلہ کی متوازن فیصلہ دیتے ہوئے یکسوئی کردی ہے۔