میزبان آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر ہندوستان کو بیٹنگ کے لئے مدعو کیا اور جیسا کہ گزشتہ مقابلہ کے بعد ہندوستانی کپتان متھالی راج نے اوپنرس سے بہتر مظاہرے کا مطالبہ کیا تھا جس پر بائیں ہاتھ کی اوپنر اور ٹیم کی نائب کپتان سمرتی مندنا نے مثبت ردعمل دیتے ہوئے شاندار نصف سنچری اسکور کی۔ مندنا نے 94 گیندوں میں 11 چوکوں کی مدد سے 86 رنز کی اننگزکھیلی۔ نوجوان اوپنر شفالی ورما نے 22 رنز بنانے کے علاوہ مندنا کے ہمراہ پہلی وکٹ کے لئے 11 اوورس میں 74 رنز کی پارٹنرشپ نبھائی۔ متھالی راج نے نمبر 3 پر بیٹنگ تو کی لیکن انہوں نے 23 گیندوں میں ایک چوکا لگانے کے باوجود صرف 8 رنز ہی اسکور کئے۔ مڈل آرڈر میں وکٹ کیپر رچھا گھوش نے 50 گیندوں میں 3 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 44 رنز کی اننگز کھیلی۔ آسٹریلیا کے لئے مائیگراتھ نے 9 اوورس میں 45 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ہندوستان کو پہلے ونڈے میں بھی شکست برداشت کرنی پڑی تھی۔