مندھانا نے ونڈے میں دوبارہ پہلا مقام حاصل کر لیا

   

دبئی، 17 جون (آئی اے این ایس)۔ ہندوستان کی اسٹار اوپنر سمریتی مندھانا نے ایک بار پھر آئی سی سی ویمنز ونڈے بیٹنگ کی درجہ بندی میں پہلا مقام حاصل کرلیا ہے، جو انہوں نے نومبر 2019 کے بعد پہلی بار واپس پایا ہے۔ یہ تازہ اپ ڈیٹ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) کی جانب سے منگل کو جاری کی گئی۔ 28 سالہ مندھانا نے ایک درجہ ترقی کے بعد پہلے مقام پر واپسی کی، جب کہ جنوبی افریقہ کی کپتان لورا وولوارٹ کی کارکردگی میں کمی کے باعث وہ انگلینڈکی نئی کپتان نیٹ سیوربرنٹ کے ساتھ مشترکہ دوسرے مقام پرچلی گئیں۔ وولوارٹ نے حالیہ ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریزکے پہلے دو ونڈے میچز میں صرف 27 اور 28 رنز بنائے ۔ مندھانا اس وقت 727 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہیں۔ انہوں نے کولمبو میں سری لنکا اور جنوبی افریقہ کے خلاف حالیہ سہ فریقی سیریز کے فائنل میں اپنی11ویں ونڈے سنچری بنا کر شاندار فارم کا مظاہرہ کیا۔ اسی سیریز میں جنوبی افریقہ کی تازمین بریٹس نے بھی عمدہ کارکردگی دکھائی اور پہلی اننگز میں نصف سنچری بنانے کے باعث پانچ درجے ترقی پاکر 27ویں مقام پر پہنچ گئیں۔ ویسٹ انڈیزکی شیمن کیمبل نے سات درجے ترقی حاصل کر کے 62 ویں مقام حاصل کیا، جبکہ قیانہ جوزف نے 12 درجے ترقی کرکے مشترکہ 67ویں مقام حاصل کیا۔ سابق جنوبی افریقی کپتان سنی لوئیس نے دوسرے میچ میں 76 رنزکی اننگزکھیل کر بیٹنگ کی درجہ بندی میں سات درجے ترقی پا کر 42ویں مقام پر پہنچیں، اور بولنگ میں بھی سات درجے بہتری کے ساتھ 42 ویں مقام پرآگئیں۔ ویسٹ انڈیز کی اسپنر آفی فلیچر نے بولنگ کی درجہ بندی میں نمایاں ترقی کی۔ انہوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف حالیہ میچ میں چار وکٹیں حاصل کر کے چار درجے ترقی پائی اور اب وہ 19ویں مقام پر ہیں۔ بولنگ کی درجہ بندی میں سرفہرست مقام اب بھی انگلینڈ کی سوفی ایکلسٹن کے پاس ہے۔