مندھانا کی شاندار بیٹنگ ، ہندوستان کامیاب انگلینڈ کے خلاف آج فیصلہ کن ٹی 20 مقابلہ

   

ڈربی۔ اوپنر اسمرتی مندھانا کی ناقابل شکست نصف سنچری اور آف اسپنر اسنیہ رانا کی تین وکٹوں کی مدد سے ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم نے یہاں دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں انگلینڈ کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 1-1 سے برابر کرلی ہے ۔انگلینڈ کا پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ اس وقت غلط ثابت ہوا جب ہندوستانی بولروں نے پہلے میچ سے بہترکارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میزبان ٹیم کا اسکور 10 اوورز میں پانچ وکٹوں پر54 رنز تک محدودکردیا۔انگلینڈ کے بیٹروںکو ابتدائی طور پر رنز بنانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور ٹیم وقفے وقفے سے وکٹیں گنواتی رہی۔ فرییا کیمپ (37 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 51) اور مایا باؤچر (26 پر 34) نے چھٹی وکٹ کے لیے 65 رنز جوڑکرانگلینڈ کو چھ وکٹ پر 142 رنز کے چیلنج تک پہنچا دیا۔17 سالہ فرییا نے اپنی اننگز میں تین چوکے اور اتنے ہی چھکے لگائے جبکہ مایا نے چار بارگیند کو باؤنڈری لائن سے باہر بھیجا۔سنیہ (24 رن پر 3 وکٹ) نے 18 ویں اوور میں مایاکو وکٹ کیپر ریچا گھوش کے ہاتھوں اسٹمپڈ ہونے کے ساتھ اس خطرناک نظر آنے والی شراکت کو توڑ دیا۔تاہم فرییا نے ایک سرے کو تھام لیا اور سوفی ایکلسٹون (07 ناٹ آؤٹ) کے ساتھ مل کر بقیہ 15گیندوں میں 23 رنز بنائے۔ہندوستان کے لیے رینوکا سنگھ (ایک وکٹ میں 30 رنز) اور دیپتی شرما (21 رن پر 2 وکٹ) بہتر مظاہرہ کیا۔جواب میں ہندوستان نے اسمرتی (53 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 79)، کپتان ہرمن پریت کور(29 ناٹ آؤٹ) اور شیفالی ورما (20) کی اننگز کی بدولت 3.2 اوور باقی رہ کر دو وکٹ پر 146 رنز پر بنائے اور ایک آرام دہ فتح حاصل کی۔اسمرتی اور شیفالی نے پاور پلے کے چھ اووروں میں 55 رنز جوڑکر ٹیم کو شاندار شروعات دلائی۔سوفی نے آخرکار انگلینڈ کو کامیابی دلائی جب اس نے اپنی ہی گیند پر چھلانگ لگاتے ہوئے شیفالی کاکیچ لیا۔ڈیلن ہیملتا (09) نے ایک بار پھر مایوس کیا۔ انہیں فرییا نے بولڈکیا۔ انہوں نے 16 گیندیں کھیلیں۔اس کے بعد ہرمن پریت اور نائب کپتان اسمرتی نے تیسری وکٹ کے لیے ناقابل شکست 69 رنزکی شراکت قائم کرکے ہندوستان کومطلوبہ ہدف تک پہنچایا۔اسمرتی نے 17ویں اوور میں فرییاکو تین چوکے لگا کر ہندوستان کو ہدف تک پہنچایا۔ہندوستانی بیٹروں نے کوئی چھکا نہیں لگایا لیکن اسمرتی کے بلے سے 13 چوکے لگے جبکہ ہرمن پریت اور شیفالی نے بھی چار چار چوکے لگائے۔سوفی (22 رنز پر ایک وکٹ) اور فرییا (30 رنز کے عوض ایک وکٹ) میزبان ٹیم کی وکٹیں لے سکیں۔تین میچوں کی سیریزکا فیصلہ کن اور آخری میچ 15 ستمبرکو برسٹل میں کھیلا جائے گا۔
اعتماد کی وجہ سے کامیاب رہے :ہرمن
ڈربی۔ ہندوستانی کپتان ہرمن پریت کور پراعتماد محسوس کرتی ہیں اور حسابی انداز نے انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹی 20 انٹرنیشنل میں آٹھ وکٹ سے جیت کے ساتھ تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کرنے میں مدد کی۔پہلے میچ میں مایوس کن شکست کے بعد ہندوستان نے حوصلے بلند کرنے والی فتح کے ساتھ واپسی کی، اب تمام نظریں جمعرات کو برسٹل میں سیریز کے فیصلہ کن میچ پر لگی ہوئی ہیں۔ہرمن پریت نے میچ کے بعد کہا میں بہت خوش ہوں، ہم نے اچھا کھیلا۔ ہرکوئی آج جیتنے کی امید کر رہا تھا، میں اسی سے خوش ہوں۔ ہمارے پاس تمام بیٹرسکے لیے منصوبے ہیں لیکن یہ ضروری ہے کہ ہم ان پر عمل کریں۔ فیلڈرز نے بولروں کا خوب ساتھ دیا۔ہم فیلڈنگ ٹیم کے طور پر بہترکر رہے ہیں۔جب بھی ہم (خود اور اسمرتی) ایک ساتھ بیٹنگ کرتے ہیں تو ہمیں اعتماد ہوتا ہے، ہم اندازہ لگا سکتے ہیں کہ کیا موقف اختیارکرنا ہے، دائیں بائیں کا مجموعہ ہمارے لیے ہمیشہ مثبت ہوتا ہے۔