نیو چندی گڑھ، 17 ستمبر (آئی اے این ایس) ہندوستانی نائب کپتان سمریتی مندھانا نے آسٹریلیا کے خلاف جاری سیریز کے دوسرے میچ میں صرف آج77 گیندوں پر سنچری بناکر خواتین ونڈے میں کسی ہندوستانی بیٹرکی دوسری تیز ترین سنچری کا اعزاز حاصل کیا۔ بائیں ہاتھ کی اوپنر نے اپنی 12ویں ونڈے سنچری طالیہ میک گرا تھ کے خلاف مڈ آف کے اوپر چھکا مارکر مکمل کی۔ وہ اب صرف اپنے ہی ریکارڈ کے بعد دوسرے نمبر پر ہیں، جو انہوں نے رواں سال راجکوٹ میں آئرلینڈ کے خلاف 70 گیندوں پر بنایا تھا۔ سمریتی نے بالآخر91 گیندوں پر117 رنز بنائے، جن میں 14 چوکے اور چار چھکے شامل تھے، اور ان کی اسٹرائیک ریٹ 128.57 رہا ۔ وہ اب انگلینڈ کی ٹیمی بومونٹ کے ساتھ خواتین ونڈے سنچریوں کی فہرست میں برابر ہوگئی ہیں، جبکہ ان سے آگے صرف نیوزی لینڈ کی سوزی بیٹس (13) اور سابق آسٹریلوی کپتان میگ لیننگ (15) موجود ہیں۔ انہوں نے اوپنرکے طور پر سب سے زیادہ سنچریاں (12) بنانے کے سوزی بیٹس کے ریکارڈ کی بھی برابری کر لی۔آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو مندھانا نے آغاز سے ہی شاندار اور جارحانہ کھیل پیش کیا اور 2013 میں ڈیبیو کرنے کے بعد بطور اوپنر اپنی106ویں اننگز میں تین ہندسوں کا سنگ میل عبورکیا۔ان کی اننگز کی خاص بات یہ تھی کہ اس بار انہوں نے اپنی روایتی آف سائیڈ کے بجائے زیادہ تر رنز لیگ سائیڈ پر بنائے۔ یہ آسٹریلیا کے خلاف خواتین ونڈے میں کسی بھی بیٹر کی تیز ترین سنچری بھی ہے۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ انگلینڈ کی کپتان نیٹ اسکیور ۔ برنٹ کے پاس تھا، جنہوں نے 79 گیندوں پر سنچری بنائی تھی۔