راجکوٹ : شاندار فارم کو جاری رکھتے ہوئے مندھانا نے ایک بار پھر ریکارڈ اننگز کھیلی ہے۔ ٹیم انڈیا کی کپتان نے آئرلینڈ کے خلاف تیسرے ونڈے میں طوفانی سنچری بنائی۔ مندھانا نے صرف 70 گیندوں میں سنچری بنائی۔ مندھانا ہندوستان کے لیے تیز ترین ونڈے سنچری بنانے والی کھلاڑی بن گئی ہیں۔ مندھانا نے ہرمن پریت کا ریکارڈ توڑ دیا جنہوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف 87 گیندوں میں سنچری بنائی تھی۔ یہ سنچری مندھانا کے لیے اس لیے بھی خاص ہے کیونکہ یہ ونڈے کرکٹ میں ان کی10ویں سنچری ہے۔ وہ یہ کارنامہ انجام دینے والی دنیا کی چوتھی اور ہندوستان کی پہلی کھلاڑی ہیں۔ سال 2025 میں مندھانا نے پہلی بارسنچری کے نشان کو چھو لیا ہے۔ مندھانا نے آئرلینڈ کے خلاف میدان میں داخل ہوتے ہی طوفانی بیٹنگ شروع کی۔ اس کھلاڑی نے پاور پلے میں پرتیکا راول کے ساتھ 90 رنز جوڑے۔ ان دونوں کھلاڑیوں نے صرف 77 گیندوں میں سنچری پارٹنرشپ بنائی۔ مندھانا نے 39 گیندوں میں 2 چھکے اور 5 چوکے لگا کر اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ مندھانا یہیں نہیں رکیں اور اپنی اننگزکو تیزکیا اور اگلی 31 گیندوں پر سنچری بنا ڈالی۔ مندھانا نے اپنی سنچری میں 4 چھکے اور 9 چوکے لگائے۔ ان کا اسٹرائیک ریٹ 140 سے زیادہ تھا۔