مندیپ کی ہیٹ ٹرک ، جاپان کیخلاف ہندوستان کامیاب

   

ٹوکیو ۔ 20 اگسٹ ۔( سیاست ڈاٹ کام ) اسٹرائیکر مندیپ سنگھ نے شاندار ہیٹ ٹرک اسکور کی جس کی بدولت ہندوستانی ہاکی ٹیم نے جاپان کو 6-3 سے شکست دی ۔ ہندوستانی ٹیم کا اس مقابلے میں مظاہرہ کافی شاندار رہا کیونکہ انھیں اس سے قبل نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گئے مقابلے میں 1-2 کی شکست برداشت کرنی پڑی تھی ۔ جاپان کے خلاف شاندار کامیابی کے ذریعہ اب وہ اولمپکس ٹسٹ ایونٹ کے فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے لیکن خطابی مقابلے میں چہارشنبہ کو ہندوستانی ٹیم کا پھر سامنا نیوزی لینڈ ٹیم سے ہی ہوگا ۔ ہندوستان کیلئے مندیپ سنگھ نے نویں ، 29 ویں اور تیسویں منٹ میں گول کئے جبکہ ٹیم کو مقابلے کے آغاز پر تیسرے ہی منٹ میں نلاکنٹا شرما نے سبقت دلوائی ۔ بعد ازاں ساتویں منٹ میں نیلم سنجیپ نے دوسرا گول کرتے ہوئے سبقت کو دوگنا کیا۔ بعد ازاں 41 ویں منٹ میں گرجن سنگھ نے ہندوستان کیلئے گول بنایا ۔ جاپان کے لئے پہلا گول 25 ویں منٹ میں کنٹارو کوکڈا نے بنایا جبکہ 36 ویں منٹ میں کنٹا تناکا اور 52و یں منٹ میں کوزوما مراتا نے گول اسکور کیا ۔ نیل کنٹا نے ہندوستان کو شاندار شروعات فراہم کی کیونکہ انھوں نے تیسرے منٹ میں ہی میدانی گول بناتے ہوئے نہ صرف مہمان ٹیم کو سبقت دلوائی بلکہ شاندار نتیجہ کی ابتداء بھی کی ۔ اس گول کے بعد ہندوستانی ٹیم نے جاپانی کھلاڑیوں پر شدید دباؤ بنایا جس کا فائدہ گرجن سنگھ نے جاپان کے ڈیفنس کو بے بس کرتے ہوئے اُٹھایا لیکن ان کی پہلی کوشش گول پوسٹ سے دور گئی ۔ بعد ازاں مقابلے کے چھٹے منٹ میں پینالٹی کارنر ملا جس میں نیلم سنجیپ نے بہترین گول کرتے ہوئے ہندوستانی سبقت کو 2-0 کردیا ۔ ہندوستان نے جارحانہ رویہ برقرار رکھتے ہوئے نویں منٹ میں ہی تیسری اہم کامیابی حاصل کی ۔