منریگا : اجرت 300 روپے ، 200 دن کام کا مطالبہ

   

نئی دہلی۔17 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) راجیہ سبھا میں آج دیہی علاقوں میں روزگار کو یقینی بنانے والی مہاتما گاندھی قومی دیہی روزگار گارنٹی اسکیم (منریگا) میں کم از کم 300 روپے یومیہ اجرت اور سال میں کم از کم 200 دن کام دینے کا مطالبہ کیا گیا ۔ ترنمول کانگریس کے مانس رنجن بھوئیاں نے ایوان میں وقفہ صفر کے دوران منریگا کا معاملہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ دیہی علاقوں میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے کیلئے یہ بہت ضروری ہے اور اس پر حکومت کو مسلسل توجہ دینی چاہئے ۔ دیہی علاقوں کی ترقی میں یہ منصوبہ اہم رول ادا کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے سماجی و اقتصادی حالات بدل رہے ہیں،اور اسی کے مطابق منصوبہ میں بھی تبدیلی کی جانی چاہئے ۔ انھوں نے کہا کہ منریگا کے تحت کم از کم 300 روپے یومیہ اجرت طے ہونی چاہئے ۔ اس کے علاوہ سال میں کم از کم 200 دن کام دینا بھی یقینی بنایا جانا چاہئے ۔ اس سے دیہی علاقوں میں روزگار کے حالات کو بہتر بنانے اور لوگوں کی اقتصادی حالت بہتر ہو گی۔ مارکسی کمیونسٹ پارٹی کی جھرنا داس ویدیہ نے کہا کہ خواتین کو سرکاری ملازمتوں اور پروقار روزگاروں میں کم از کم 50 فیصد ریزرویشن ہونا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ خواتین زیادہ تر سروسز سیکٹرز میں کام کرتی ہیں۔