مہیش کمار گوڑ کے ہمراہ میدک کا دورہ، عوامی احتجاج میں شرکت
حیدرآباد ۔28 ۔ جنوری (سیاست نیوز) جنرل سکریٹری انچارج تلنگانہ میناکشی نٹراجن اور صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے مرکزی حکومت کی جانب سے منریگا اسکیم کی برخواستگی کے خلاف عوامی شعور بیداری مہم کے تحت آج میدک کے دیہی علاقوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے کوروی پلی گاؤں میں احتجاجی پروگرام میں شرکت کی جس میں سینکڑوں کی تعداد میں عوام شریک ہوئے۔ احتجاج میں رکن اسمبلی روہت ، سابق صدرپردیش کانگریس وی ہنمنت راؤ ، صدر ضلع کانگریس انجنیلو گوڑ اور دیگر قائدین نے شرکت کی ۔ میناکشی نٹراجن نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ مرکزی حکومت دیہی غریبوں کو روزگار سے محروم کرنا چاہتی ہے ۔ منریگا اسکیم کی برخواستگی کے ذریعہ لاکھوں دیہی مزدوروں کو معاشی مشکلات سے دوچار کردیا گیا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ گزشتہ 10 برسوں میں نریندر مودی حکومت نے عوامی بھلائی کو نظر انداز کردیا۔ میناکشی نٹراجن نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اسکیم کی بحالی کیلئے احتجاج کریں۔ صدرپردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے وزیراعظم نریندر مودی کو مخالف غریب قرار دیا اور کہا کہ غریبوں کو روزگار سے محروم کرتے ہوئے بحران کی کیفیت پیدا کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں کی بھلائی کا نریندر مودی کا دعویٰ کھوکھلا ثابت ہوا ہے ۔ یو پی اے دور حکومت میں منریگا اسکیم سے دیہی علاقوں میں خوشحالی پیدا ہوئی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ مہاتما گاندھی اور گاندھی خاندان سے نفرت کے جذبہ نے مودی حکومت کو اسکیمات کے نام تبدیل کرنے پر مجبوب کردیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست گیر سطح پر منریگا اسکیم کی بحالی کیلئے احتجاج جاری رہے گا۔ میناکشی نٹراجن اور مہیش کمار گوڑ نے دیہی علاقوں کی خواتین کے ساتھ لنچ کیا اور انہیں منریگا اسکیم کے فوائد سے واقف کرایا۔ کانگریس قائدین دیہی علاقوں کے تین روزہ دورہ پر ہیں۔ کانگریس قائدین نے عوام سے اپیل کی کہ وہ انتخابات میں مودی حکومت کو سبق سکھائیں تاکہ منریگا اسکیم بحال ہوسکیں۔1