خالد سیف اللہ کی شرکت، اسکیم کی بحالی تک احتجاج کا منصوبہ
حیدرآباد۔ 25 جنوری (سیاست نیوز) حیدرآباد ضلع کانگریس کمیٹی کے زیر اہتمام ’منریگا بچاؤ سنگرام یاترا‘ دوسرے دن بہادر پورہ اسمبلی حلقہ میں جاری رہی۔ مرکزی حکومت کی جانب سے دیہی ضمانت روزگار اسکیم کی برخواستگی کے خلاف آل انڈیا کانگریس کمیٹی نے ملک گیر سطح پر احتجاج کی اپیل کی۔ پردیش کانگریس کمیٹی کی ہدایت پر حیدآباد ضلع کانگریس کمیٹی نے شہر کے تمام اسمبلی حلقہ جات میں منریگا بچاؤ سنگرام یاترا شروع کی ہے۔ یاترا کے دوسرے دن بہادر پورہ اسمبلی حلقہ میں مجسمہ گاندھی سے آغاز ہوا جو بہادر پورہ چوراہا پہنچ کر اختتام کو پہنچی۔ مختلف علاقوں سے یاترا گذری جس میں عوام کی کثیر تعداد نے حصہ لیا۔ یاترا کے شرکاء نے منریگا اسکیم کی بحالی کا مطالبہ کیا۔ ریالی میں بہادر پورہ اسمبلی حلقہ کے انچارج راجیش کمار، چندرائن گٹہ انچارج بی نگیش، چارمینار انچارج محمد مجیب اللہ شریف، ملک پیٹ انچارج شیخ انچارج، یاقوت پورہ انچارج کے روی راج اور دوسروں نے شرکت کی۔ صدر حیدرآباد ضلع کانگریس کمیٹی سید خالد سیف اللہ نے خطاب کرتے ہوئے مرکزی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ منریگا اسکیم کی بحالی تک کانگریس پارٹی کی احتجاج جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسکیم کی برخواستگی کے ذریعہ مودی حکومت دیہی علاقوں کے بے روزگار نوجوانوں کے مفادات کو نقصان پہنچانا چاہتی ہے۔ 1