منریگا فیلڈ اسسٹنٹ کے مسائل کی یکسوئی کا مطالبہ: شرمیلا

   

حیدرآباد ۔ 11 اگست (پریس نوٹ) وائی ایس آر تلنگانہ پارٹی کی صدر وائی ایس شرمیلا نے منریگا کے فیلڈ اسسٹنٹ کے مسائل کی عدم یکسوئی کیلئے چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے چیف منسٹر سے استفسار کیا کہ فیلڈ اسسٹنٹس کو کیوں برخواست کیا گیا جنہوں نے محض تنخواہوں میں اضافے کا مطالبہ کیا تھا۔ شرمیلا نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر حکومت سے سوال کرنے والی آوازوں کو دبا رہے ہیں۔ چیف منسٹر نے ٹی ایس آر ٹی سی کے ورکرس کو بھی اس وقت ہراساں کیا تھا جب انہوں نے اپنے مطالبات کی یکسوئی کے لئے غیر معینہ مدت کی ہڑتال کی تھی۔ انہوں نے احتجاجیوں کو یاد دلایا کہ ان کے والد سابق چیف منسٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی ریاست کے عوام کے مسائل کو سنتے تھے اور ان کی یکسوئی کی بھرپور کوشش کرتے تھے۔ شرمیلا نے کہا کہ ان کی پارٹی منریگا کی فیلڈ اسسٹنٹس کے مسائل کی یکسوئی کیلئے جدوجہد کرے گی۔ اس موقع پر انہوں نے فیلڈ اسسٹنٹس کے ارکان خاندان سے بھی بات چیت کی اور ہمدردی کا اظہار کیا۔
انہوں نے بتایا کہ کابینی وزراء اور پارٹی قائدین کو تک چیف منسٹرسے ملنے کی گنجائش نہیں ہے۔