منریگا ورکرس کو 21 دن کی پیشگی اُجرت دینے پر زور

,

   

وزیراعظم نریندر مودی کو صدر کانگریس سونیا گاندھی کا مکتوب

نئی دہلی۔ یکم اپریل (سیاست ڈاٹ کام) صدر کانگریس سونیا گاندھی نے وزیراعظم نریندر مودی کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے ملک بھر میں منریگا کے مزدوروں کو 21 دن کی تنخواہ کی پیشگی ادائیگی کا مطالبہ کیا تاکہ کورونا وائرس کے باعث ملک میں جاری مکمل لاک ڈاؤن سے پیدا شدہ بحران پر قابو پانے میں انہیں مدد حاصل ہوسکے۔ وزیراعظم کے نام اپنے مکتوب میں سونیا گاندھی نے کہا کہ دیہی علاقوں کے غریب افراد بڑی تعداد میں کام نہ ملنے کے باعث بیروزگار ہوگئے ہیں۔ تقریباً 8 کروڑ منریگا ورکرس آمدنی کے متبادل ذرائع تلاش کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ ان حالات میں انہیں پیشگی رقم ادا کی جانی چاہئے تاکہ وہ موجودہ مشکل حالات کا سامنا کرسکیں۔ دیہی غریبوں کو مالی امداد کی فوری فراہمی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے حکومت سے کہا کہ وہ درج رجسٹر و متحرک منریگا ورکرس کو 21 دنوں کی پیشگی اُجرت فوری ادا کرنے پر غور کرے۔ کانگریس پارلیمانی پارٹی کی صدرنشین سونیا گاندھی نے یہ بھی مشورہ دیا کہ پیشگی ادا کی گئی اجرت کو ورکرس کی آئندہ کام کے دنوں سے منہا کیا جائے جب وہ کام پر واپس آجائیں۔ سونیا گاندھی نے وزیراعظم سے ملک کے 8 کروڑ دیہی ورکرس کی مالی امداد کیلئے فوری کارروائی کی اپیل کی۔ سونیا گاندھی نے بتایا کہ مہاتما گاندھی نیشنل رورل ایمپلائمنٹ گیارنٹی ایکٹ (منریگا) دیہی غریب افراد کی گذربسر کیلئے کافی اہمیت کی حامل ہے۔ سونیا گاندھی نے یہ بھی بتایا کہ فصل کٹائی کے اہم سیزن کے دوران لاکھوں ذرائع مزدور بے روزگار ہوگئے ہیں جن کوئی متبادل روزگار کا ذریعہ بھی حاصل نہیں ہے۔ لاک ڈاؤن کے دوران سماجی دوری کے قواعد سے بھی مزدوروں کا یکجا ہونا اور کام کرنا آسان نہیں ہے۔