براؤن ہیروئین و گانجہ ضبط ، رچہ کنڈہ پولیس کی کارروائی
حیدرآباد /26 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) سال نو تقاریب سے قبل رچہ کنڈہ پولیس نے منشیات اسمگلنگ کرنے والی سہ رکنی بین ریاستی ٹولی کو بے نقاب کردیااور اس ٹولی کے قبضہ سے 150 گرام براؤنڈ ہیرئین اور 2 کیلو گانجہ کو ضبط کرلیا ۔ اسپیشل آپریشن ٹیم ملکاجگیری زون اور کشائی گوڑہ پولیس نے مشترکہ کارروائی میں ایک کار جس میں منشیات منتقل کی جارہی تھی کے علاوہ 4 موبائل فون بھی ضبط کرلئے ۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس ملکاجگیری زون محترمہ رکھشیتا کرشنا مورتی نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ 32 سالہ راجیش پرمیشور ساکن احمد نگر مہاراشٹرا 31 سالہ انیل ودیا ناتھ ساکن جمکھیڑ احمد نگر مہاراشٹرا اور 35 سالہ بداوت کشن ساکن محبوب آباد تلنگانہ کو گرفتار کرلیا ۔ انہوں نے بتایا کہ کشن جو محبوب آباد کا ساکن ہے مختلف ریاستوں میں پائے جانے والے ڈرگ اسمگلرس سے اس کے تعلقات پائے جاتے ہیں ۔ جو منشیات کی منتقلی کے علاوہ خرید و فروخت میں بھی ملوث پایا گیا ہے ۔ اس دوران اس نے جمکھیڑ کے راجیش سے رابطہ پیدا کیا اور ان دونوں کے درمیان کافی عرصہ سے تعلقات جاری تھے ۔ راجیش ممنوعہ نشیلی اشیاء اور منشیات کی خرید و فروخت کے معاملات میں سرگرم تھا ۔ جو اس کے ذرائع شبیر راجستھان سے خریدا کرتا تھا ۔ راجیش مختلف اسمگلرس سے رابطہ میں تھا اور ان کی طلب کے مطابق انہیں منشیات فراہم کرتا تھا ۔ آرڈر کے بعد سپلائی سے قبل 50 فیصد رقم لیا کرتا تھا اور شبیر سے رابطہ قائم کرنے کے بعد راجستھان پہونچکر انتہائی رازدارانہ انداز میں منشیات متعلقہ مقام پہونچایا کرتا تھا ۔ کشن نے حیدرآباد میں رابطہ پیدا کرنے کے بعد راجیش سے ربطہ بنایا اور سال نوتقاریب کیلئے منشیات کی حیدرآباد میں طلب اور مانگ پر سودا کیا ۔ 10 ہزار روپئے فی گرام ہیروئین اور 6 ہزار روپئے کیلو گانجہ کی قیمت طئے کرنے کے بعد یہ لوگ ان ممنوعہ اشیاء کو لیکر ایک کار میں حیدرآباد پہونچ رہے تھے کہ خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے انہیں گرفتار کرلیا ۔