سدی پیٹ۔ 15 اکتوبر(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جماعت ِاسلامی ہند (JIH) کی زیرِ نگرانی منشیات اور شراب کے خلاف آگاہی کیمپوں کا انعقاد کیا جارہا ہے، یہ بات سدی پیٹ ضلع JIH کے صدر آصف الدین احمد نے بتائی۔ چہارشنبہ کو وہ سدی پیٹ پریس کلب میں صحافیوں سے بات کر رہے تھے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 15 سے 25 سال کے نوجوان تیزی سے منشیات کے عادی بن رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منشیات اور شراب جیسی لعنتوں کو ختم کرنے کی شدید ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ طلبہ اور نوجوانوں میں منشیات اور شراب جیسے زہریلی چیزوں کے نقصانات کے بارے میں شعور بیدار کرنا وقت کا تقاضہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہندوستان دنیا کا وہ ملک ہے جہاں سب سے زیادہ نوجوان آباد ہے، اور اگر یہی نوجوان منشیات کے عادی بن جائیں تو ملک کی ترقی رک جائے گی۔اسی مقصد کے لیے جماعتِ اسلامی ہند نے ایک منصوبہ تیار کیا ہے۔ ضلع کی مختلف تعلیمی اداروں، عوامی مقامات، گیٹ ٹو گیدرز، پبلک میٹنگس اور 1:1 ملاقاتوں کے ذریعے منشیات اور شراب جیسی لعنتوں کے خلاف آگاہی مہم چلائی جائے گی۔اجلاس میں تنظیم کے ارکان عبد القدوس ،حبیب، عبد الرحمن، کریم الدین، ریاضت علی اور دیگر شریک ہوئے۔