نشیلی ادویات کے ساتھ اہلیہ گرفتار۔ گانجہ اور چرس بھی شامل
ممبئی ۔ ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے منشیات کنٹرول بیورو کے عہدیداروں نے آج معروف فلمساز فیروز اے ناڈیاڈ والا کے گھر پر دھاوا کیا اور تقریبا 3.59 لاکھ روپئے مالیتی نشیلی ادویات کو ضبط کرلیا ۔ ایک عہدیدار نے یہ بات بتائی اور کہا کہ ناڈیاڈ والا کی اہلیہ شبانہ سعید کے علاوہ منشیات کے تین تاجروں کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ یہ کارروائی ممبئی اور تھانے میں کی گئی ہے ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ ضبط شدہ نشیلی ادویات میں گانجہ ‘ چرس اور دوسری اشیا شامل ہیں۔ عہدیداروں نے بتایا کہ یہ کارروائی جوہو میں فیروز ناڈیاڈ والا کے مکان اور ایک دوسرے مقام پر بیک وقت کی گئی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ ایک اور فرد قادر شیخ عرف سلطان کے قبضۃ سے بھی تقریبا 10 گرام گانجہ ضبط کیا گیا ہے ۔ منشیات کنٹرول بیورو کی جانب سے فیروز کی اہلیہ شبانہ سعید کا بیان قلمبند کیا گیا ہے جس کے بعد انہیں گرفتار کرلیا گیا ۔ دعوی کیا گیا ہے کہ جو منشیات ضبط کی گئی ہیں ان کی مالیت 3.59 لاکھ روپئے کی ہیں۔ یہ قیاس کیا جا رہا ہے کہ فیروز ناڈیاڈ والا کو بھی پوچھ تاچھ کیلئے طلب کیا جاسکتا ہے تاہم عہدیداروں کی اس نے توثیق نہیں کی ہے ۔ واضح رہے کہ گذشتہ تین ماہ سے منشیات کنٹرول بیورو کے عہدیداروں کی جانب سے مختلف کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ ناڈیاڈ والا بالی ووڈ کے معروف فلمساز ہیں اور کئی بڑی فلمیں انہوں نے بنائی ہیں۔