منشیات سربراہ کرنے والے افراد بشمول نائجیریائی باشندہ گرفتار

   

گرفتار افراد میں طلبہ بھی شامل، نارکوٹک انفورسمنٹ ونگ کی کارروائی
حیدرآباد ۔ 26 فبروری (سیاست نیوز) حیدرآباد سٹی پولیس کی نوتشکیل شدہ نارکوٹک انفورسمنٹ ونگ نے اہم کارروائی کرتے ہوئے منشیات کو سربراہ اور انہیں استعمال کرنے والے افراد کو گرفتار کرلیا۔ منشیات کو سربراہ کرنے والے 12 افراد بشمول ایک نائجیریائی باشندہ کے علاوہ 11 ایسے افراد کو گرفتار کرلیا جو اس کا استعمال کررہے تھے جس میں ڈاکٹرس آئی ٹی پروفیشنل، انجینئرنگ کے طلبہ شامل ہیں۔ سٹی پولیس کمشنر مسٹر سی وی آنند نے بتایا کہ ریاست کو منشیات سے پاک کرنے کی خاطر پولیس سخت اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ منشیات نشیلی اشیاء کا استعمال کرنے والے طلبہ کی گرفتاری سے قبل پولیس نے کافی غوروخوض کیا تاکہ ان کے مستقبل کو تاریک ہونے سے بچایا جاسکے۔ بعد میں پولیس کو اس بات کا علم ہوا کہ ان طلبہ کو جن میں اکثر نشیلی ادویات کے عادی بن چکے ہیں کالجس کے ماحول کو بگاڑنے کا سبب بن رہے ہیں۔ حیدرآباد سنٹرل یونیورسٹی میں منشیات کے چلن نے کافی سراعیت اختیار کرلی۔ ان طلبہ کو جنہیں گرفتار کرلیا گیا اور چند مفرور ہیں، انہیں یونیورسٹی حکام نے ایسی سرگرمیوں کے خلاف پابند کیا تھا باوجود ان کے رویہ میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ اکثر غیرقانونی کام کرنے والوں کو اس بات کا گمان ہیکہ وہ مختلف ٹکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے پولیس کی گرفت سے بچ جائیں گے۔ اس طرح حیدرآباد سنٹرل یونیورسٹی کے ایک طالب علم سائی ویگنیش نے ڈارک ویب کا استعمال کیا اور منظم انداز سے نشیلی شئے (ایل ایس ڈی) کو خرید کر استعمال بھی کرتا تھا اور فروخت بھی کررہا تھا۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ ڈارک ویب تک رسائی اور اس کا استعمال کرنے والوں پر نظر رکھتے ہوئے ان کے خلاف شکنجہ کسنے کی تیاری عنقریب مکمل کرلی جائے گی اور ڈارک ویب تک پولیس نے رسائی حاصل کرلی ہے۔ اب سٹی پولیس کسی بھی سرگرمی کو باآسانی قابو کرسکتی ہے۔ سٹی پولیس کے نارکوٹک انفورسمنٹ ونگ نے ایس آر نگر پولیس کے ساتھ مشترکہ کارروائی میں 7 افراد کو گرفتار کرلیا جبکہ مزید 6 مفرور ہیں۔ اس طرح کارخانہ پولیس کے ساتھ کارروائی میں 10 افراد بشمول ایک نائجیریائی باشندہ گرفتار کرلیا گیا۔ ع
ایس آر نگر پولیس کے ساتھ کارروائی میں ایل ایس ڈی اور کارخانہ پولیس کے ساتھ کارروائی میں ایم ڈی ایم اے کاچیگوڑہ کارروائی میں ایک کو گرفتار کرتے ہوئے گانجہ کو ضبط کرلیا گیا۔ع