حیدرآباد ۔ 6 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : منشیات فروخت کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار سب انسپکٹر پولیس راجندر کو معطل کردیا گیا ہے ۔ پولیس کارروائی کے دوران ضبط شدہ منشیات کو فروخت کرنے کے راجندر پر الزامات پائے جاتے ہیں ۔ کمشنر پولیس سائبر آباد اسٹیفن رویندرا نے راجندر کو معطل کرتے ہوئے احکامات جاری کردئیے ۔ ذرائع کے مطابق رائے درگم پولیس نے راجندر کو پولیس تحویل کے لیے کوکٹ پلی کی عدالت سے درخواست کی تھی اور عدالت نے دو دنوں کی پولیس تحویل کو منظوری دے دی ۔ پولیس رائے درگم منشیات کی اسمگلنگ کے متعلق خود اپنے ہی ڈپارٹمنٹ کے سب انسپکٹر سے پوچھ تاچھ کرے گی جس کو آج معطل کردیا گیا ۔ یاد رہے کہ نارکوٹیک بیورو نے ایک کارروائی کے دوران سب انسپکٹر راجندر کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا تھا اور اس کے قبضہ سے بھاری مقدار میں ایک کیلو 700 گرام منشیات کو ضبط کیا تھا ۔ بتایا جاتا ہے کہ راجندر کے منشیات کی اسمگلنگ کرنے والے افراد سے تعلقات پائے جاتے ہیں اور پولیس اس جانب تحقیقات کررہی ہے ۔۔ ع