نئی دہلی: دہلی پولیس نے منشیات فروشوں کیخلاف بڑی کارروائی کی ہے۔ دہلی پولیس کی کرائم برانچ نے قومی دارالحکومت میں 100 سے زیادہ مقامات پر چھاپے ماری کی۔ یہ چھاپہ آپریشن کاوچ کے تحت مارا گیا۔ آپریشن کاوچ نوجوانوں اور بچوں کو منشیات کی لت سے بچانے پر مرکوز ہے۔ اس سے قبل 12 ، 13 مئی کی درمیانی رات کو انسداد منشیات ٹاسک فورس نے تقریباً 43 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا تھا، جو اسکول اور کالج کے طلباء کو منشیات اور غیر قانونی شراب فروخت کرنے میں ملوث تھے۔بتا دیں کہ کرائم برانچ اور دہلی پولیس کی مشترکہ ٹیم نے ملک اور بیرون ملک بیٹھے بین الاقوامی ڈرگ مافیا کی کمر توڑنے کے لئے آپریشن شروع کیا ہے۔ اس کارروائی میں گزشتہ ماہ 31 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا گیا تھا۔ اس کے ساتھ ساتھ 12 غیر قانونی شراب اسمگلرز کو بھی گرفتار کر کے 35 کلو ہیروئن، 15 کلو کوکین، 1500 گانجہ، 230 کلو افیون، 10 کلو چرس کے ساتھ 20 کلو دیگر منشیات بھی برآمد کی گئی ہیں۔ اس کی قیمت کروڑوں میں تھی۔