منشیات مقدمہ کے ملزم کی کورٹ کی عمارت

   

سے چھلانگ لگاکر خودکشی

حیدرآباد : /20 ستمبر (سیاست نیوز) احاطہ نامپلی کریمنل کورٹ میں آج اُس وقت سنسنی پھیل گئی جب منشیات کیس کے ملزم نے کورٹ کی عمارت سے چھلانگ لگاکر خودکشی کرلی ۔ پولیس کے مطابق 27 سالہ محمد سلیم الدین ساکن احمد نگر فرسٹ لانسر کو 2022 ء میں بنجارہ ہلز پولیس نے گانجہ فروخت کرنے کے الزام میں گرفتار کرتے ہوئے جیل بھیج دیا تھا ۔ ملزم کی رہائی/29 اگست کو چنچل گوڑہ جیل سے ہوئی تھی ۔ بنجارہ ہلز پولیس نے سلیم الدین اور اس کے مفرور ساتھی سہیل کے خلاف چارج شیٹ بھی داخل کی تھی اور /22 ڈسمبر 2023 ء کو مقدمہ چلانے کا شیڈیول طئے کیا تھا ۔ بتایا جاتا ہے کہ گرفتاری کے بعد سلیم الدین ذہنی طور پر پریشان تھا اور اس کا علاج بھی چل رہا تھا ۔ چہارشنبہ کو سلیم الدین اپنے والد محمد علی الدین کے ہمراہ نامپلی میٹروپولیٹین کورٹ پہنچ کر اپنے وکیل سے ملاقات کرنے کی کوشش کی اور اس سلسلہ میں وہ کورٹ کی تیسری منزل پر گیا تھا ۔ زیردریافت ملزم نے اچانک عدالت کی عمارت سے چھلانگ لگادی جس کے نتیجہ میں وہ شدید زخمی ہوگیا اور نامپلی کریمنل کورٹ میں موجود پولیس عملہ نے اسے دواخانہ عثمانیہ منتقل کیا اور دوران علاج وہ فوت ہوگیا ۔ پولیس نامپلی نے اس سلسلہ میں ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے نعش کو بغرض پوسٹ مارٹم دواخانہ عثمانیہ کے مردہ خانہ میں محفوظ کردیا اور تحقیقات جاری ہیں ۔