منشیات منتقلی کا بڑا ریاکٹ بے نقاب، ہیروئن ضبط، چار افراد گرفتار، ملکاجگری پولیس کا آپریشن

   

حیدرآباد ۔ 19 مارچ (سیاست نیوز) اسپیشل آپریشن ٹیم ملکاجگری زون نے ایک اہم کارروائی کرتے ہوئے منشیات منتقلی کے ایک بین ریاستی ریاکٹ کو بے نقاب کردیا اور 4 افراد کو گرفتار کرلیا اور اس ٹولی کے قبضہ سے 16 گرام ہیروئن (براؤن شوگر) کو ضبط کرلیا جو مغربی بنگال سے حیدرآباد منتقل کررہے تھے۔ اس سلسلہ میں منعقدہ پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے ڈی سی پی ملکاجگری زون رکشیتامورتی نے بتایا کہ 4 افراد 26 سالہ اخترالزماں ساکن گچی باؤلی متوطن مغربی بنگال، 22 سالہ شیخ دانش ساکن سوچترا متوطن جمشیدپور، 23 سالہ محبوب خاں ساکن کنڈاپور متوطن جھارکھنڈ اور 24 سالہ نظیر ساکن کنڈاپور متوطن جھارکھنڈ کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے 16 گرام براؤن شوگر، 5 موبائیل فونس، ویٹنگ مشین، کورس نقد رقم 19 سو روپیوں کے علاوہ دیگر اشیاء کو ضبط کرلیا۔ ڈی سی پی نے بتایا کہ اس ٹولی کے دیگر تین افراد شاہجہاں اپو اور مہتاب عالم مفرور ہیں۔ ڈی سی پی نے بتایا کہ گرفتار افراد روزگار کی تلاش میں حیدرآباد منتقل ہوئے تھے اور نواحی علاقوں میں مقیم تھے۔ گرفتار افراد نے آسان انداز میں پیسے کمانے کی خاطر منصوبہ تیار کیا اور براؤن شوگر کو فروخت کرنے کی سازش تیار کی۔ اس ٹولی میں ہر ایک کو ایک علحدہ ذمہ داری دی گئی تھی۔ 5 تا 6 ہزار روپئے فی گرام براؤن شوگر کو فروخت کررہے تھے۔ ایس او ٹی پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے اس ٹولی کو بے نقاب کردیا۔