حیدرآباد :۔ اسپیشل آپریشن ٹیم ملکاجگیری زون نے منشیات کے ایک ریاکٹ کو بے نقاب کرتے ہوئے تین افراد کو گرفتار کرلیا ۔ جو حشیش تیل فروخت کرنے کی کوشش کررہے تھے ۔ ایس او ٹی نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے سرور نگر پولیس کے ہمراہ 22 سالہ سی سندیپ عرف سنی 21 سالہ سائی چرن ساکنان یوسف گوڑہ اور 22 سالہ نوین سالگر عرف ذبا ساکن فلم نگر کو گرفتار کرلیا جب کہ اصل سرغنہ ادے جو وشاکھا پٹنم ساکن بتایا گیا ہے مفرور ہے ۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے دیڑھ لیٹر حشیش تیل اور تین سیل فون ضبط کرلیے ۔ جس کی مالیت 4 لاکھ 80 ہزار روپئے بتائی گئی ہے ۔ پولیس نے بتایا کہ گرفتار ملزمین بی کام کے طالب علم ہیں ۔ چند روز قبل سندیپ اور نوین ساگر گانجہ کے عادی ہوگئے ۔ اور حشیش تیل کا استعمال بھی کرنے لگے ۔ جس کے بعد انہوں نے گانجہ اور حشیش تیل کو راست اراکو وشاکھا پٹنم سے خریدنے کا منصوبہ تیار کیا اور خود استعمال کے علاوہ خواہش مند گراہکوں کو فروخت کرنے کا منصوبہ تیار کیا اس منصوبہ کے تحت ان تینوں ساتھیوں نے 20 ہزار روپئے فی لیٹر کے حساب سے حشیش تیل خریدا اور تین ہزار روپئے فی 10 ملی لیٹر فروخت کرنے کا آغاز کیا ۔ خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ایس او ٹی نے سرور نگر پولیس کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے راجیو چوک دلسکھ نگر سے انہیں گرفتار کرلیا ۔۔