حیدرآباد۔یکم؍ اگسٹ، ( سیاست نیوز) ممنوعہ منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث دو افراد کو ٹاسک فورس پولیس نے گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے حشش کا تیل برآمد کرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ وی لکشمی وینکٹا نرسمہاچاری عرف لڈو جو پیشہ سے ڈی جے سوپر وائزر ہے اور مہدی پٹنم گڈی ملکا پور کا ساکن ہے وہ اپنے ایک ساتھی ایم بھانو پرکاش ساکن حیدر گوڑہ عطا پور کی مدد سے ممنوعہ منشیات یعنی حشش کا تیل غیر قانونی طور پر فروخت کررہا تھا۔ ذرائع نے بتایا کہ معاشی تنگی کے نتیجہ میں نرسمہا چاری نے حشش کا تیل گنٹور کے متوطن پروین سے حاصل کیا اور حاصل کردہ حشش کے تیل کو 5ایم ایل کی بوتلوں میں منتقل کرتے ہوئے اسے اونچی قیمت میں فروخت کرنے کا منصوبہ رکھتا تھا۔ اس بات کی اطلاع ملنے پر ٹاسک فورس سنٹرل زون ٹیم نے مذکورہ دونوں افراد کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے 100 ایم ایل حشش کا تیل برآمد کرلیا اور انہیں آصف نگر پولیس اسٹیشن کے حوالے کردیا گیا۔
